سینٹ جارج 4جولائی ( یو این آئی ) الزاری جوزف (چار وکٹ) اور جیڈن سیلز (دو وکٹ) کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کے گیند بازوں نے بارش سے متاثرہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل ختم ہونے تک پہلی اننگز میں آسٹریلیا کو 286 رنوں پر محدود کر دیا۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیاکے ر سیم کانسٹاس اور عثمان خواجہ کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 47 رن جوڑے۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 11ویں اوور کی تیسری گیند پر عثمان خواجہ (16) کی شکل میں گری۔ اگلے ہی اوور میں اینڈرسن فلپ نے سیم کونسٹاس (25) کو وکٹ کیپر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ کروا کر پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد اسٹیو اسمتھ (تین)، کیمرون گرین (26) اور ٹریوس ہیڈ (29) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ایک موقع پر 110 کے اسکور پر آسٹریلیا کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔ بحران کے ایسے وقت میں بو ویبسٹر اور ایلکس کیری نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 112 رنوں کی شراکت ہوئی۔ جسٹن گریوز نے ایلکس کیری کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ایلکس کیری نے 81 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار 63 رنز بنائے۔ اس کے بعد آسٹریلیا کی وکٹوں کے گرنے کا سلسلہ ایک بار مرتبہ شروع ہوا۔ کپتان پیٹ کمنز (17)، مچل اسٹارک چھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس دوران کریز کے دوسرے طرف بو ویبسٹر کو ہوپ نے کارٹی کی مدد سے رن آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو بڑی کامیابی دلائی۔ آسٹریلیا کی آخری وکٹ نیتھن لیون (11) کی صورت میں گری۔ ویسٹ انڈیز کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 66.5 اوورز میں سمٹ گئی۔ جوش ہیزل ووڈ 10 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے 15.5 اوورز میں 61 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ جیڈن سیلز نے 14 اوورز میں 45 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ شمر جوزف، جسٹن گریوز اور اینڈرسن فلپ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس کے بعد ویسٹ انڈیز کی اننگز خراب روشنی کے باعث شروع نہ ہو سکی۔









