ٹربا، 11 اگست (یو این آئی)راسٹن چیز (1/49) اور شرفین ردرفورڈ (45) کی شاندار کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بارش کی وجہ سے دوسرے ایک روزہ میچ میں آج یہاں ڈی ایل ایس ضابطے کے تحت پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا۔ اس فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے۔ویسٹ انڈیز نے اتوار کی رات برائن لارا اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے حسن نواز (36)، حسین طلعت (31)، عبداللہ شفیق (26) اور صائم ایوب (23) کی مدد سے 37 اووروں میں سات وکٹ کے نقصان پر 171 رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے سات اوورزوں میں 23 رن دے کر تین وکٹ حاصل کیں، جبکہ جیڈایا بلیڈز، شامر جوزف، گڈاکیش موتی اور راسٹن چیز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔بارش کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کو ڈی ایل ایس ضابطے کے تحت 35 اووروں میں 181 رنوں کا ہدف ملا۔ ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی شروعات خراب رہی اور اس نے 48 رنوں پر اپنی تین وکٹ گنوا دیں۔ برینڈن کنگ (1) اور ایون لیوس (7) کو حسن علی نے آؤٹ کیا، جبکہ کیسی کارٹی (16) ابرار احمد کی گیند پر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد کپتان شائی ہوپ اور شرفین ردرفورڈ نے اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 54 رنوں کی اہم شراکت کی۔20ویں اوور میں محمد نواز نے شائی ہوپ (32) کو آؤٹ کر کے اس ساجھے داری کو توڑا ، پھر شارفین ردرفورڈ (45) کو بھی 33 گیندوں پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد راسٹن چیز اور جسٹن گریوز نے ناقابل شکست 77 رنوں کی شراکت کے ذریعے ویسٹ انڈیز کو 33.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 184 رنوں تک پہنچا دیا۔ راسٹن چیز 47 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 49 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ جسٹن گریوز 26 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین اور محمد نواز نے دو وکٹ حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔