نئی دہلی18نومبر: الیکشن کمیشن نے 12 ریاستوں میں ایس آئی آر (خصوصی گہری نظرثانی) کا عمل شروع کر دیا ہے۔ کانگریس سمیت سبھی اپوزیشن پارٹیاں ایس آئی آر کے خلاف اپنا سخت اعتراض ظاہر کر رہی ہیں، لیکن الیکشن کمیشن پورے ملک میں ایس آئی آر کرانے کا عزم ظاہر کر چکا ہے۔ اس معاملے میں آج دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر ’اندرا بھون‘ میں پارٹی کے سینئر لیڈران کی انتہائی اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ کانگریس کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق اس میٹنگ میں اُن 12 ریاستوں کے سینئر لیڈران شریک تھے، جہاں الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کرانے کے لیے قدم بڑھایا ہے۔ میٹنگ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی، پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سمیت کئی سینئر لیڈران کی شرکت دیکھنے کو ملی۔ اس میٹنگ سے متعلق کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کچھ اہم جانکاریاں دی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ’’ہم نے ایس آئی آر والی ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام خطوں کے کانگریس جنرل سکریٹریز، کانگریس انچارجز، پی سی سی، سی ایل پی سی اور کانگریس سکریٹریز کے ساتھ ایک جامع اسٹریٹجی ریویو میٹنگ کی۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ ’’کانگریس پارٹی الیکٹورل لسٹ کی شفافیت اور سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔‘‘









