برینکولا ،کولمبیا،11 مارچ (یواین آئی )فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے انکشاف کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری شدید جنگ کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی فٹبال ٹیم کو شمالی امریکہ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے خوش آمدید کہا ہے۔
ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے ہونے والی ایک ملاقات میں جیانی انفینٹینو اور صدر ٹرمپ نے ایران کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انفینٹینو کے مطابق صدر ٹرمپ نے اعادہ کیا کہ ایرانی ٹیم امریکہ میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں کھیلنے کے لیے خوش آمدید ہے۔یہ بیان ٹرمپ کے اس سابقہ بیان سے مختلف ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں ایرانی ٹیم کی شرکت سے “کوئی فرق نہیں پڑتا”۔یاد رہے کہ 28 فروری سے شروع ہونے والی جنگ نے ورلڈ کپ میں ایران کی شرکت پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج نے ٹیم بھیجنے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا میں ایرانی خواتین کھلاڑیوں کے پناہ لینے کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا”اگر ورلڈ کپ کے حالات ایسے ہی ہیں، تو کوئی ہوشمند شخص اپنی قومی ٹیم کو ایسی جگہ کیوں بھیجے گا؟اگر ایران دستبردار ہوتا ہے، تو 1950 کے بعد یہ کسی بھی ملک کی ورلڈ کپ سے پہلی دستبرداری ہوگی۔ ایران کے گروپ مرحلے کے تمام میچز لاس اینجلس اور سیئٹل (امریکہ) میں شیڈول ہیں۔









