بنکاک، 12 مارچ(یواین آئی ) ورلڈ باکسنگ فیوچر کپ 2026 کے پانچویں دن ہندوستانی مکے بازوں نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے اہم کامیابیوں سمیٹ لی ہیں۔ گنجن، رادھامنی لونگ جام اور چندریکا پجاری نے اپنے اپنے مقابلوں میں حریفوں کو دھول چٹا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔گنجن (48 کلوگرام) نے پولینڈ کی حریف کے خلاف یکطرفہ مقابلہ پیش کیا اور ججز کے متفقہ فیصلے کے تحت 0-5 سے کامیابی حاصل کی۔
رادھامنی لونگ جام (57 کلوگرام) نے انتہائی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایکواڈور کی باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں بے بس کر دیا۔ ریفری نے مداخلت کرتے ہوئے مقابلہ روک دیا اور رادھامنی کو آر ایس سی کی بنیاد پر فاتح قرار دیا۔چندریکا پجاری (50 کلوگرام) نے شام کے سیشن میں امریکہ کی مضبوط حریف کے خلاف بہترین تکنیک کا مظاہرہ کیا اور 0-5 کے متفقہ فیصلے سے جیت کر ہندوستان کے تمغوں کی امیدیں روشن کر دیں۔جہاں تین ہندوستانی مکے بازوں نے جیت درج کی، وہیں کچھ کو شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔پراچی (60 کلوگرام) سلوواکیہ کی باکسر کے خلاف سخت جدوجہد کے باوجود وہ 0-5 سے ہار گئیں۔مردوں کے ڈویژن میں پریانش کو مراکش کے باکسر نے 0-5 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔