نئی دہلی5اپریل: پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے وقف ترمیمی بل کی منظوری کے بعد اپوزیشن کی طرف سے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راجیش کمار نے جے ڈی یو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس قانون نے پارٹی کی نام نہاد سیکولر شبیہ کو پوری طرح سے بے نقاب کر دیا ہے۔ آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے راجیش کمار نے کہا، ’’یہ سوال جے ڈی یو سے پوچھا جانا چاہیے کہ اس نے ایسا کیوں کیا، لیکن میں صرف ایک جملے میں کہنا چاہوں گا کہ وقف بورڈ کا معاملہ ان کے سیکولر ہونے کے ڈرامے کو سامنے لے آیا ہے۔ یہ بل اُن تمام جماعتوں کو بے نقاب کر رہا ہے جو اقلیتوں کی ہمدرد بننے کا دعویٰ کرتی ہیں، مگر اصل میں ان کے مفادات کے خلاف قانون سازی میں حصہ دار بنتی ہیں۔‘‘ دریں اثنا، بابو جگجیون رام کی جینتی کے موقع پر راجیش کمار نے ’سمتا دیوس‘ کے حوالے سے بھی اپنی رائے ظاہر کی۔ انہوں نے کہا، ’’بابو جگجیون رام کی وراثت اس بات میں مضمر ہے کہ انہوں نے سماج کے کمزور اور پسماندہ طبقات کو آگے بڑھانے کے لیے کس طرح کام کیا۔ سمتا تحریک میں ان کا کردار نمایاں اور رہنما جیسا رہا ہے۔ جب وہ ریلوے کے وزیر تھے تو انہوں نے لاکھوں غریبوں کو روزگار فراہم کیا، آج ان لوگوں کے اہلِ خانہ خوشحال زندگی گزار رہے ہیں۔‘‘