مونٹریال، 08 اگست (یواین آئی) وائلڈ کارڈ انٹری حاصل کرنے والی وکٹوریا مبوکو نے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کینیڈین اوپن کے فائنل میں چار بار کی گرینڈ سلیم چیمپئن ناؤمی اوساکا کو شکست دے کر اپنا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل جیت لیا۔ 18 سالہ کینیڈین کھلاڑی نے مسلسل دوسرے میچ میں پہلا سیٹ ہارنے کے بعد زبردست واپسی کی اور 2-6، 6-4، 6-1 سے فتح حاصل کی۔ سال کے آغاز میں وہ عالمی درجہ بندی میں 333 ویں نمبر پر تھیں۔
مبوکو نے کہا، ’’میں پہلی بار مونٹریال میں کھیل رہی تھی اور بہت خوش تھی۔ مجھے یاد ہے کہ میں تھوڑی نروس تھی، لیکن میں نے لمحے کا بھرپور لطف اٹھایا۔ جب میں نے اپنا پہلا راؤنڈ جیتا تو میں بہت خوش اور مطمئن تھی۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ فائنل تک پہنچ پاؤں گی، ٹائٹل جیتنا تو بہت دور کی بات ہے۔ میرے دل میں بے شمار جذبات ہیں جنہیں بیان کرنا مشکل ہے۔‘‘مبوکو نے تقریباً 11,000 ناظرین کے سامنے ٹائٹل جیتا اور اس دوران چار گرینڈ سلیم چیمپئنز کو شکست دی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، جب ٹورنٹو میں مردوں کے کینیڈین اوپن کا فائنل بین شیلیٹن اور کیرن کھچانوف کے درمیان جاری تھا، تو مبوکو کی جیت کی خبر ملتے ہی میچ کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔









