دبئی، 12 دسمبر (یو این آئی) – ویبھَو سوریہ ونشی (171) کی شاندار سنچری اور ایرون جارج (69) اور وِہان ملہوترا (69 رن اور ایک وکٹ) کے زبردست مظاہروں کے باعث جمعہ کے روز ہندوستان نے انڈر-19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 234 رن سے شکست دی۔ 434 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری یو اے ای کی ٹیم، پرتھوی مدھو نے 87 گیندوں پر 50 رن اور اُدیش سوری نے 106 گیندوں پر ناٹ آوٹ 78 رن کی جاندار اننگز کھیلیں، لیکن مقررہ 50 اوورز میں صرف سات وکٹ پر 199 رن ہی بنا پائی اور میچ ہار گئی۔
یو اے ای کی شروعات بہت خراب رہی اور اس نے 53 رنز کے اسکور تک چھ وکٹیں گنوا دیں۔ شلوم ڈیسوزا (4)، ایان مصباح (3)، محمد ریان(19)، نور اللہ ایوبی (3) اور کپتان یایین کرن رائے (17) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس مشکل موقع پر پرتھوی مدھو اور اُدیش سوری نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے ساتویں وکٹ کے لیے 85 رن کی شراکت قائم کی اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ صالح امین 20 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
ہندوستان کی طرف سے دیپیش دیوینڈرَن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کشن سنگھ، ہینل پٹیل، کھلَن پٹیل اور وِہان مالہوترا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ٹاس جیت کر متحدہ عرب امارات نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہ رہی اور تیسرے ہی اوور میں کپتان آیوش مہاترے (چار) کا وکٹ گر گیا۔
اس کے بعد بلے بازی کے لیے آئے ایرن جارج نے ویبھَو سوریہ ونشی کے ساتھ اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے 212 رن کی شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران ویبھَو سوریہ ونشی نے زوردار بلے بازی کرتے ہوئے صرف 56 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ ایرن جارج نے بھی اپنی نصف سنچری اسکور کی۔28ویں اوور میں یائین رائے نے ایرن جارج کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔ ایرن جارج نے 73 گیندوں میں سات چوکے اور ایک چھکا لگا کر 69 رن کی اننگز کھیلی۔ ہندوستان کا تیسرا وکٹ ویبھَو سوریہ ونشی کے طور پر 33ویں اوور میں گرا۔ ویبھَو نے 95 گیندوں میں نو چوکے اور 14 چھکے لگا کر 171 رن کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس کے بعد ویدانت ترویدی(38) اور وہان ملہوترا 55 گیندوں میں 69 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا۔ کنشک چوہان (28) چھٹے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 433 رن کا بڑا اسکور بنایا۔ ابھیگیان کُنڈو 17 گیندوں میں 32 رن اور کھِلن پٹیل پانچ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ یو اے ای کی جانب سے یُگ شرما اور اُدیش سوری نے دو دو وکٹ حاصل کیں۔ یائین کرن رائے اور شلوم ڈیسوزا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔









