ووسٹر (انگلینڈ)، 05 جولائی (یواین آئی) ہندوستانی انڈر-19 ٹیم کے جارحانہ بلے باز ویبھو سوریاونشی نے ہفتہ کو انگلینڈ کے خلاف چوتھے یوتھ ون ڈے میچ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔آج یہاں کھیلے گئے میچ میں سلامی بلے بازکے طور پر میدان میں اترے 14 سالہ ویبھو سوریاونشی نے انگلینڈ کی انڈر-19 ٹیم کے گیند بازوں کی جم کر پٹائی کی ۔ انہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ یوتھ ون ڈے میں تیز ترین سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔ انہوں نے 78 گیندوں پر 13 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 143 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس شاندار سنچری کے ساتھ ویبھو نے پاکستان کے کامران غلام کا 2013 میں بنایا گیا ریکارڈ توڑ دیا۔ ویبھو نے جہاں 52 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی، وہیں کامران غلام نے 53 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر بنگلہ دیش کے تمیم اقبال ہیں، جنہوں نے 2005-2006 میں 68 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔