دہرہ دون18ستمبر: اتراکھنڈ کے پہاڑی علاقوں میں ان دنوں لگاتار بارش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے عام زندگی پوری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ شدید بارش سے جگہ جگہ لینڈ سلائڈ کے واقعات ہوئے ہیں۔ ملبہ گرنے سے سڑکوں سے رابطہ منقطع ہوتا جا رہا ہے، جس سے عام لوگوں کے ساتھ ساتھ عوامی نمائندگان کو بھی مشکلوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کچھ اسی طرح کے خطرے کا سامنا گڑھوال سے ایم پی انل بلونی کو بھی کرنا پڑا۔ دراصل بی جے پی رہنما انل بلونی اور ایم ایل اے ونود کنڈاری آفت زدہ علاقوں کا جائزہ لینے کے لیے دیو پریاگ جا رہے تھے۔ جیسے ہی بلونی کا قافلہ دیو پریاگ کے قریب پہنچا، بدری ناتھ ہائی وے پر اچانک اوپر سے پوری پہاڑی کا حصہ بھربھرا کر سڑک پر آ گرا۔ بلونی اور کنڈاری اس کے بعد فوراً پیچھے بھاگے۔ دیکھتے ہی دیکھتے بھاری مقدار میں ملبہ اور بولڈر سڑک پر پھیل گیا جس کی وجہ سے اس راستے پر آمد و رفت پوری طرح متاثر ہو گئی۔ اس کے بعد ان دونوں عوامی نمائندگان کو پیدل ہی آگے ملبے کو کراس کرنا پڑا۔ رکن پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پر اس واقعہ کا ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق پورا منظر کچھ ہی سیکنڈ میں ہو گیا۔ جس راستے رہنماؤں کا قافلہ گزر رہا تھا، اسی پر اچانک پہاڑی کھسکنے لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے سڑک ملبے سے پٹ گئی۔ غنیمت رہی کہ کسی بھی گاڑی یا شخص کو کوئی نقصان نہیں ہوا، ورنہ بڑی انہونی ہو سکتی تھی۔









