بھوپال:6؍مئی :(پریس ریلیز)الحَمْدُ ِلله بروز اتوار مسجد فیض بہادر کملا پارک میں ” قاضی شہر بھوپال “ حضرت مولانا سید مشتاق علی ندوی دامت برکاتہم کی سرپرستی میں اذان مقابلہ( کمپٹیشن) میں شرکت کرنےوالے مساہمین کے مابین عملی مشق کا ورکشاپ منعقد ہوا۔ جسمیں تقریبا 40 مساہمین نے حصہ لیا۔مشق کرانے اور مزیداذان کے نوک پلک کو سوارنے اور اذان کے کلمات میں اغلاط کی تصحیح کرانے کا اہتمام کیا گیا ۔بطور ٹرینر قاری محمد صاحب استاد القرا ءجامعہ عربیہ مسجد ترجمہ والی بھوپال شریک رہےاور مؤذنین کو مشق کراتے رہے۔
بڑی کامیاب محفل رہی اور ہر ہفتے بروز اتوار وقت صبح 9سے 12 بجے تک حاضرین و مساہمین نے شرکت کرنے کا وعدہ کیا۔
ایم پی مسلم مائنوریٹیز اے سو سی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس اہم پروگرام کے منتظم مفتی محمد فیاض عالم جامعی، مولانا محمد انور ندوی اور قاری احمد علی جامعی نے تمام ساتھیوں کی شرکت پر انکی حوصلہ افزائی ہوئی۔
مولانا محمد انور ندوی نے اپنے مختصر خطاب میں اس پروگرام کی غرض و غایت پر تفصیلی روشنی ڈالی کہ کس طرح ہماری اذانیں درست ہو جائیں اور اسلام کے اس عظیم الشان شعار کے وقار کو بڑھایا جائے اور اس کی عظمت و اہمیت اور افادیت کو عوام و خاص اور ہم وطن بھائی بہنوں کے دلوں میں بٹھایا جائے۔
مذکورہ تنظیم کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سیرت کوئز کمپٹیشن کی کلاسس بھی بروز جمعہ بتاریخ 03 مئی 2024 سے مسجد فیض بہادر کملا پارک بھوپال میں شروع ہو گئی ہیں ، جو آن لائن و آف لائن دونوں طریقوں سے دی جا رہی ہیں۔
ان کلاسس میں بھی کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں اور اساتذہ پوری لگن کے ساتھ کوئز کی تیاری کرا رہے ہیں۔
خاص طور پرسیرت کوئز کی انتظامیہ کمیٹی جس کے روح رواں( جناب شکیل سر ڈائریکٹر کرسینٹ اسکول جہانگیرآباد ) ہیں…اپنی ٹیم کے ساتھ پوری مستعدی کے ساتھ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ اب تک تقریبا چھ سو سے زائد طلبہ و طالبات نے کمپٹیشن میں حصہ لے لیا ہے، اور مساہمین کی تعدار روز افزوں بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔
دونوں پروگرام کا فائنل راؤنڈ ان شاء اللہ 08 / 09 جون / 2024 کو موتی مسجد بغیہ میں ہونا طے پایا ہے۔
اللہ سے دعا ہے کہ ان پروگرام کو اللہ پاک شرف قبولیت سے نوازے اور تنظیم کے ذمہ داران کے منصوبہ کو اور انکی فکر کو کامیاب بنائے۔ آمین۔