بنگلور، 7 نومبر (یو این آئی) پرسدھ کرشنا (تین وکٹ)، محمد سراج اور آکاش دیپ (دو، دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان اے نے جمعہ کے روز دوسرے غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 221 کے اسکور پر سمیٹنے کے بعد اسٹمپ تک اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹ پر 78 رن بنا لیے اور اس طرح اسے مجموعی طور پر 112 رن کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ہندوستان اے کے 255 رن کے جواب میں جنوبی افریقہ اے نے آج صبح اپنی اننگز کا آغاز نہایت خراب انداز میں کیا اور صرف آٹھ اوور میں 12 رن پر اپنے تین وکٹ گنوا دیے۔ لیسیگو سینوکوانے (صفر) اور ٹیمبا باووما (صفر) کو آکاش دیپ نے، جب کہ زبیر حمزہ (آٹھ) کو محمد سراج نے پویلین بھیجا۔ اس کے بعد کپتان مارکس ایکر مین نے جارڈن ہرمن کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن 26ویں اوور میں پرسدھ کرشنا نے جارڈن ہرمن (26) کو آؤٹ کرکے یہ شراکت توڑ دی۔ اس کے بعد مارکس ایکر مین کے سوا کوئی بھی جنوبی افریقی بلے باز ہندوستانی گیند بازوں کا زیادہ دیر مقابلہ نہ کر سکا۔ ایکر مین نے اس دوران شاندار سنچری مکمل کی۔ پرینیلان سبریئین (20) رن آؤٹ ہوئے۔ 48ویں اوور کی تیسری گیند پر ہرش دوبے نے ایکر مین کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقہ کی اننگز 221 پر سمیٹ دی۔ اس طرح ہندوستان اے کو 34 رن کی سبقت حاصل ہو گئی۔ مارکس ایکر مین نے 118 گیندوں پر 17 چوکے اور پانچ چھکے لگا کر 134 رن بنائے۔
ہندوستان اے کے لیے پرسدھ کرشنا نے تین وکٹ لیے۔ محمد سراج اور آکاش دیپ نے دو، دو وکٹ حاصل کیے، جبکہ کلدیپ یادو اور ہرش دوبے کو ایک ایک کامیابی ملی۔دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے اتری ہندوستان اے کی شروعات بھی اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں ابھیمنیو ایشورَن (صفر) آؤٹ ہو گئے۔ انہیں اوکلے سیلے نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ دوسرا وکٹ سائی سدرشن (23) کا گرا، جنہیں ٹین وین وورین نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ 23ویں اوور میں اوکہلے سیلے نے دیودت پڈیکل (24) کو آؤٹ کر کے ہندوستان اے کو تیسرا جھٹکا دیا۔