اجودھیا:20جولائی(یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) کے سینئر لیڈر اور فیض آباد ایم پی اودھیش پرساد نے کانوڑ یاترا کے سلسلے میں بی جےپی پر سخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت مذہب کے نام پر سماج میں نفرت پھیلا رہی ہے، وہیں سماج وادی پارٹی کے دور حکومت میں تمام مذاہب کے لوگ آپسی ہم آہنگی کے ساتھ تہوار اور میلے ایک ساتھ مناتے تھے۔ ایم پی اودھیش پرساد نے کہا کہ کانوڑ یاترا کوئی نئی روایت نہیں ہے۔ جب اکھلیش یادو وزیر اعلیٰ تھے تب بھی عظیم کانوڑ یاترا کا اہتمام کیا گیا تھا۔ مسلمان بھائی ان یاتراوں میں کانوڑیوں پر پھولوں کی بارش کرتے تھے اور سٹال لگا کر انہیں شربت اور پانی پیش کرتے تھے۔انہوں نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ چاہتی ہے کہ کانوڑ یاترا کے راستے پر مسلمانوں کی دکانیں نہ ہوں۔ “بی جے پی نفرت کے بیج بو رہی ہے، یہ ملک صرف ایک مذہب کا نہیں، تمام مذاہب کا ہے، ہر مذہب کے لوگوں نے جدوجہد آزادی میں اپنی جانیں قربان کی ہیں، شہید اشفاق اللہ خان کو فیض آباد جیل میں پھانسی دی گئی، کیا ہم ان کی قربانی کو بھول سکتے ہیں؟”اودھیش پرساد نے کہا کہ سماج وادی پارٹی ہمیشہ گنگا جمنی تہذیب کے حق میں رہی ہے۔ ہم نے ہمیشہ اتحاد اور بھائی چارے کی بات کی ہے، جب کہ بی جے پی سماج کو تقسیم کرنے کا کام کر رہی ہے۔ کانوڑ یاترا عقیدے کا معاملہ ہے نفرت کا نہیں۔








