ونڈہوک،19 جنوری (یواین آئی ) نمیبیا کے شہر ونڈہوک میں کھیلے جا رہے انڈر 19 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں سری لنکا نے کپتان ویمتھ دنسارا کی 95 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت آئرلینڈ کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنائے ہیں۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کا آغاز اچھا نہ رہا اور محض 59 رنز پر 3 ٹاپ آرڈر بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر کپتان ویمتھ دنسارا نے ٹیم کو سنبھالا۔ دنسارا نے کویجا گماگے (49) کے ساتھ مل کر 80 رنز جوڑے اور اننگز کو استحکام بخشا۔ کپتان ویمتھ دنسارا بدقسمتی سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے اور 102 گیندوں پر 95 رنز (6 چوکے، 1 چھکا) بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چھٹے نمبر پر آنے والے چمیکا ہیناٹیگالا نے کپتان کے ساتھ مل کر 100 رنز کی شراکت داری کی اور ناقابلِ شکست 51 رنز بنا کر اسکور کو 267 تک پہنچا دیا۔آئرلینڈ کے بولرز نے شروع میں اچھی کارکردگی دکھائی لیکن آخری اوورز میں سری لنکائی بلے بازوں نے ان پر دباؤ بڑھا دیا۔اولور ریلے2 وکٹیں حاصل کر کے کامیاب ترین بولر رہے۔روبن ولسن اور لیوک مرے ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔