دبئی ، 02 ستمبر (یواین آئی ) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے ٹی-20 انٹرنیشنل میچوں میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ہندوستان کے اسٹار کھلاڑی روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ محمد وسیم نے روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران محمد وسیم نے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے مارنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ محمد وسیم نے 54 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 110 چھکے مار کر روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا، روہت شرما نے بحیثیت کپتان 62 اننگز میں 105 چھکے مارے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ اب بھی روہت شرما کے پاس ہے جنہوں نے 159 میچز میں 205 چھکے مارے۔ اس فہرست میں یو اے ای کے کپتان محمد وسیم دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے 80 میچز میں 176 چھکے مارے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں محمد وسیم نے افغانستان کے 189 رنز کے ہدف کے جواب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جس میں 6 بلند و بالا چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔محمد وسیم کی شاندار اننگز کے باوجود یو اے ای کی ٹیم 189 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنا سکی۔









