دبئی،13 جنوری (یواین آئی ) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز سمیر منہاس نے عالمی کپ سے قبل اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کر دیا ہے۔ ایشیا کپ کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف تاریخی اننگز کھیلنے کے بعد، سمیر اب ورلڈ کپ میں بھی اپنی اسی شاندار فارم کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔پاکستان انڈر 19 کے مایہ ناز بلے باز سمیر منہاس نے کہا ہے کہ ان کے کرکٹ سفر کی بنیاد اسٹریٹ کرکٹ سے پڑی، جہاں سے انہوں نے کھیل کی بنیادی مہارتیں سیکھیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کے والد نے انہیں اور ان کے بھائی کو کرکٹ کھیلنے کے لیے بھرپور حوصلہ دیا، جس کی بدولت وہ آج اس مقام تک پہنچے ہیں۔ پاکستان کی ٹیم ایشیا کپ اور زمبابوے میں سہ ملکی سیریز جیتنے کے بعد ورلڈ کپ کے لیے سب سے مضبوط امیدوار بن کر ابھری ہے۔ سمیر منہاس اپنی بیٹنگ کے لیے جنوبی افریقہ کے لیجنڈ اے بی ڈی ویلیئرز سے متاثر ہیں اور انہی کی طرح نڈر کرکٹ کھیلنے پر یقین رکھتے ہیں۔سمیر منہاس کے مطابق ان کا سب سے بڑا ہدف آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنا ہے اور ٹیم یونٹی ہی کسی بھی کامیابی کی سب سے بڑی وجہ ہوتی ہے۔ پاکستان اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 16 جنوری کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے کرے گا۔ پاکستان اس سے قبل 2004 اور 2006 میں ورلڈ کپ جیت چکا ہے، اور اب تیسری بار ٹرافی اٹھانے کے لیے تیار ہے۔پاکستان کرکٹ کا یہ ابھرتا ہوا ستارہ دائیں ہاتھ کے بلے باز کے طور پر انڈر 13 سطح سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کر چکا ہے۔ نیشنل انڈر 19 کپ میں 400 سے زائد رنز اسکور کرنا ان کی پہچان بن گیا، جس کے بعد وہ مسلسل توجہ کا مرکز بنے رہے۔ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں شاندار سنچری اسکور کرنا سمیر منہاس کے کیریئر کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا، جبکہ تین ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ قائم کر کے انہوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔انہوں نے گزشتہ 30 دنوں کے دوران تین بار سنچری کا ہندسہ عبور کیا۔وہ یوتھ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اور انڈر 19 لیول پر پاکستان کی جانب سے سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ان کے نام ہے۔







