ونڈہوک ،27 جنوری (یو این آئی ) آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں سری لنکا کے ہاتھوں 4 وکٹوں سے شکست کے بعد افغان کھلاڑیوں نے اپنی بیٹنگ لائن کی خامیوں کا اعتراف کر لیا ہے۔ گروپ مرحلے کے تمام تین میچز جیت کر ٹورنامنٹ میں دھاک بٹھانے والی افغان ٹیم کے لیے یہ پہلی ناکامی ہے۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی بیٹنگ لائن غلطیوں کا شکار رہی۔ اوپنر عثمان سادات نے 107 گیندوں پر 61 رنز بنا کر ایک اینڈ سنبھالے رکھا، لیکن انہیں دوسرے اینڈ سے کسی کھلاڑی کا ساتھ نہ مل سکا۔ ٹاپ آرڈر کے دیگر بلے بازوں کے جلد آؤٹ ہونے سے ٹیم پر دباؤ بڑھتا چلا گیا۔







