دبئی،15 دسمبر (یو این آئی ) گیند بازوں کی شاندار کارکردگی اور ویرن چامودیتا (62) اور چمیکا ہیناتیگالا (ناٹ آؤٹ 51) کی جرات مندانہ اننگز کی بدولت سری لنکا نے پیر کے روز انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ بی کے ایک انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں افغانستان کو چار گیندیں باقی رہتے ہوئے دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 235 رنز اسکور کیے۔ افغانستان کی شروعات اچھی نہ رہی اور تیسرے ہی اوور میں خالد احمدزئی (9) آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد عثمان سادات اور فیصل شینوزادہ نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 75 رنز کی شراکت قائم کی۔
22ویں اوور میں چمیکا ہیناتیگالا نے فیصل شینوزادہ (39) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا، جس کے بعد افغان ٹیم کی وکٹ وقفے وقفے سے گرتی رہی۔عثمان سادات نے 87 گیندوں پر سب سے زیادہ 52 رنز بنائے، جبکہ عزیراللہ نیازئی (25)، کپتان محبوب خان (25)، عزیزاللہ میاخیل (31)، نوریستانی عمرزئی (29) اور عبدالعزیز (13) نمایاں رہے۔ افغانستان کی آخری وکٹ 50ویں اوور کی آخری گیند پر روح اللہ عرب (2) کی صورت میں گری۔سری لنکا کی جانب سے ستمیکا سینےویرتنے اور دولنیت سیگیرا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رسیت نِمسارا اور چمیکا ہیناتیگالا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں سری لنکا نے 49.2 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنا کر یادگار کامیابی حاصل کی۔ اوپنرز دیمنتھا مہاویتانا اور ویرن چامودیتا نے پہلی وکٹ کے لیے 55 رنز جوڑے۔ مہاویتانا 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ویتاناپتیرانا (4)، کویجا گاماگے (34) اور وِمت دِن سارا (15) زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔
ویرن چامودیتا نے 83 گیندوں پر 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ 41ویں اوور میں جب آدھم ہلمی (3) آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کا اسکور 183 رنز تھا اور میچ نازک مرحلے میں داخل ہو چکا تھا۔ ایسے وقت میں دولنیت سیگیریا اور چمیکا ہیناتیگالا نے اننگز کو سنبھالا۔
47ویں اوور میں سیگیرا23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اگلے ہی اوور میں ستمیکا سیناویرتنے (1) رن آؤٹ ہو گئے، جس سے ایک بار پھر دباؤ بڑھ گیا۔ تاہم رسیت نِمسارا نے 49ویں اوور کی آخری گیند پر چوکا لگا کر امیدوں کو زندہ رکھا۔









