کولمبو، 9 مئی (یو این آئی) چلو ٹریون (74 رن اور پانچ وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی اور اینری ڈیرکسن (104) کی سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے چھٹے میچ میں جمعہ کو سری لنکا کو 76 رنز سے شکست دے دی۔
316 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سری لنکا کے لئے ہسینی پریرا اور وشمی گنارتنے کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑے۔ چلو ٹریون نے 10ویں اوور میں ہسینی پریرا (30) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ٹریون نے 14ویں اوور میں وشمی گناارتنے (24) کو بھی اپنا شکار بنایا۔ جنوبی افریقہ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے سری لنکن بلے باز نہ ٹھہر سکے۔ ہرشیتا سماراویکرما (33) کو ایس نائیڈو نے آؤٹ کیا۔ نیلاکشی ڈی سلوا 14 اور مانودی نانایاکارا 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ سری لنکا کی کپتان چماری اتاپٹوپتو نے سب سے زیادہ (52)رنوں کی اننگ کھیلی۔ آخری تین بلے باز دیومی وہنگا (16)، سوگندھیکا کماری (0) اور ملکی مدارا (0) پر آؤٹ ہوئیں۔ ان تینوں بلے بازوں کو چلو ٹریون نے آؤٹ کیا۔ سری لنکا کا آخری وکٹ انوشی پریہ درشنی (صفر) رن آؤٹ کی شکل میں گرا۔ انوشکا سنجیوانی 32 گیندوں پر 43 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ جنوبی افریقہ کے گیند بازوں نے سری لنکا کی پوری ٹیم کو 42.5 اوورز میں 239 رنز پر ڈھیر کر دیا اور میچ 76 رنز سے جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کو سہ فریقی سیریز سے باعزت وداعی ہوئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے چلو ٹریون نے آٹھ اوورز میں 34 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ آیا بونگا کھاکا کو دووکٹ ملے۔ سیشنی نائیڈو اور میاں اسمٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں سری لنکا کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری کپتان لورا وولفارٹ اور تیجمن برٹس کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے۔ دیومی ویہنگا نے 14ویں اوور میں تیجمن برٹس (38) کو آؤٹ کرکے جنوبی افریقہ کو پہلا جھٹکا دیا ۔ اس کے بعد دیومی وہنگا نے 16ویں اوور میں لورا وولفارٹ (33) کو بھی آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ میان اسمٹ (آٹھ)، لارا گڈال (2) اور سینالو جافتا (صفر) کو بھی دیومی وہنگا نے آؤٹ کیا۔ نونڈومیسو شانگاسے (18) کو چماری اٹاپٹو نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعد اینری ڈرکسن اور چلو ٹریون کی جوڑی نے اننگ کو سنبھالا اور ساتویں وکٹ کے لیے 112 رنز جوڑے۔
مانودی نانایاکارا نے اینیری ڈرکسن کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اینری ڈرکسن نے 84 گیندوں پر نو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے۔ چلوٹریون اور اینیری ڈرکسین کے درمیان 112 رنز کی شراکت خواتین کے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کے لیے ساتویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت ہے۔49ویں اوور میں چماری اٹاپٹو نے 51 گیندوں میں چلو ٹریون (74) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو آٹھویں کامیابی دلائی۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں پر 315 رنز بنائے۔ این ڈی کلارک 19 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
سری لنکا کے لیے دیومی ویہنگا نے 10 اوورز میں 56 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ چماری اٹاپٹو کو دووکٹ ملے۔ مانودی نانایاکارا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔