نئی دہلی 18نومبر: ’ووٹ چوری‘ معاملہ پر پی ایم مودی اور الیکشن کمیشن کے خلاف کانگریس کا حملہ دن بہ دن بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ مختلف میڈیا اداروں کے ذریعہ مستقل نئے انکشافات بھی ہو رہے ہیں، جس نے الیکشن کمیشن کو ایک طرح سے کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ تازہ انکشاف ’رپورٹرز کلکٹیکو‘ کی ایک رپورٹ میں ہوا ہے، جس نے چند روز پہلے ہی اپنی ایک رپورٹ سے الیکشن کمیشن کے طریقۂ کار پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا۔ تازہ انکشاف میں پتہ چلا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس 2024 میں ہوئے لوک سبھا انتخاب کی کئی سیٹوں پر شام 5 بجے کے بعد ہوئی ووٹنگ کا ڈاٹا موجود نہیں ہے۔ اس معاملہ میں کانگریس نے تلخ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ملک کے ان غداروں کا حساب ضرور ہوگا۔ یہ سزا سے بچنے والے نہیں ہیں۔‘‘ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ’رپورٹرز کلیکٹیو‘ کی تحقیقات رپورٹ کی سرخی کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’مودی-الیکشن کمیشن کی ’ووٹ چوری‘ کا سیاہ کارنامہ۔ ’دی رپورٹرز کلیکٹیو‘ نے الیکشن کمیشن کے انٹرنل ریکارڈ کی جانچ کی تو پایا کہ 2024 میں ہوئے اسمبلی-لوک سبھا انتخابات کی 200 سیٹوں پر شام 5 بجے کے بعد کتنی ووٹنگ ہوئی، الیکشن کمیشن کے پاس اس کا ڈاٹا ہی نہیں ہے۔‘‘
ساتھ ہی یہ بھی مطلع کیا کہ ’’ان میں مہاراشٹر کی 114 اسمبلی سیٹیں، جموں و کشمیر کی 44 سیٹیں اور ہریانہ کی 22 سیٹیں شامل ہیں۔‘‘ تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے بتایا ہے کہ مہاراشٹر میں ایکناتھ شندے جس سیٹ سے فتحیاب ہوئے تھے، وہاں شام 5 بجے تک صرف 1.13 لاکھ ووٹ درج تھے، لیکن مجموعی طور پر وہاں 2.03 لاکھ ووٹ پڑے۔ یعنی آخری گھنٹہ میں تقریباً 90 ہزار ووٹ ڈالے گئے۔ گویا کہ 366 بوتھوں پر ہر ایک منٹ میں اوسطاً 4 ووٹ ڈالے گئے، جو کہ معمول کے ووٹنگ عمل سے ناممکن ہے۔ الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ’’یاد رہے، جب اپوزیشن پارٹیوں نے شام 5 بجے کے بعد ہونے والی ووٹنگ میں اچانک اضافہ کی شکایت کی تھی تو الیکشن کمیشن نے اس سے انکار کر دیا تھا۔
لیکن رپورٹ بتاتی ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ ڈاٹا تھا ہی نہیں۔‘‘ کانگریس حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے سوال کرتی ہے کہ ’’الیکشن کمیشن نے وہ دعوے خارج کیسے کر دیے، جن کا جواب انھیں خود معلوم نہیں تھا؟‘‘ ساتھ ہی تلخ انداز میں کانگریس نے الزام عائد کیا کہ ’’الیکشن کمیشن نے یہ ووٹ چوری مودی کے اشارے پر کی، جو ملک کے ساتھ غداری ہے۔ ان غداروں کا حساب ضرور ہوگا، یہ سزا سے بچنے والے نہیں ہیں۔‘‘