نئی دہلی، 21 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ جمعرات کو 100 سے زیادہ امرت اسٹیشنوں کا افتتاح کریں گے جس سے مسافروں کے لیے ریل کا سفر آسان ہو جائے گا۔ وزیر اعظم نے راجستھان میں کئی سڑکوں کے منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرحدی علاقوں میں دفاعی ڈھانچہ مضبوط ہوگا۔ واضح رہے کہ مسٹر مودی جمعرات کو راجستھان کے ایک روزہ دورے پر جا رہے ہیں جہاں وہ 26 ہزار کروڑ روپے کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے یا افتتاح کریں گے۔ اس سے قبل بدھ کو انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہاکہ “کل ہندوستانی ریلوے کے لیے ایک تاریخی اور ناقابل فراموش دن ہونے والا ہے۔ راجستھان کے بیکانیر میں صبح گیارہ بجے اب تک ری ڈیولپ کیے گئے 100 سے زیادہ امرت اسٹیشنوں کا افتتاح کرنے کا اعزاز حاصل ہو گا جس سے ملک کے لوگوں کے لیے ریل کا سفر آسان ہو جائے گا۔” ایک اور پوسٹ میں انہوں نے کہاکہ “راجستھان کے اپنے دورے کے دوران مجھے بہت سے دوسرے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کا موقع بھی ملے گا، ان میں بہت سے سڑک کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ ان سے جہاں نقل و حرکت کی سہولیات میں اضافہ ہوگا، وہیں یہ سرحدی علاقوں میں ہمارے دفاعی ڈھانچے کو بھی مضبوط کریں گے۔”