سری نگر6جون: پہلگام حملہ کے بعد پہلی بار جموں و کشمیر پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کئی اہم پروجیکٹس کا افتتاح کیا۔ ساتھ ہی کٹرا میں تقریر کے دوران پاکستان اور اس کے ذریعہ دہشت گردوں کو پرورش دیے جانے پر زوردار حملہ بھی کیا۔ انھوں نے جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں چناب ندی پر بنے دنیا کے سب سے اونچے ریلوے آرچ برج کا ترنگا دکھا کر افتتاح کیا۔ اس کے بعد انجی برج اور کٹرا میں کشمیر کی پہلی ٹرین ’وندے بھارت‘ کو ہری جھنڈی دکھائی۔ کٹرا میں ہی پی ایم مودی نے تقریباً 45 منٹ کی تقریر کی۔ اس دوران انھوں نے دہشت گردی، پاکستان اور سیاحت کا خاص طور سے تذکرہ کیا۔
پی ایم مودی نے کہا کہ ’’بدقسمتی سے ہمارے پڑوس کا ملک انسانیت کا مخالف اور میل جول مخالف ہے۔ وہ ایسا ملک ہے جو غریبوں کی روزی روٹی کے بھی خلاف ہے۔ 22 اپریل کو پہلگام میں جو کچھ ہوا، وہ اسی کی مثال ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’پاکستان نے انسانیت اور کشمیری پر حملہ کیا۔ ہم نے 6 مئی کو اس پر قیامت برسا دی۔ اپنی تقریر میں پاکستان اور دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر میں عوام اپنی پسند کے نمائندے منتخب کر سکیں، یہ بھی دہشت گردی کے سبب چیلنج بن گیا تھا۔ برسوں تک دہشت گردی برداشت کرنے کے بعد جموں و کشمیر نے اتنی بربادی دیکھی تھی کہ لوگوں نے خواب دیکھنا ہی چھوڑ دیا تھا۔ دہشت گردی کو ہی اپنی قسمت مان لیا تھا۔ ہم نے اسے بدل کر دکھایا ہے۔ آج یہاں کا نوجوان نئے خواب بھی دیکھ رہا ہے۔ لوگ جموں و کشمیر کو پھر سے فلموں اور کھیلوں کا ہَب بنتے دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ آپریشن سندور کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’آج 6 جون ہے۔ ایک ماہ قبل 6 مئی کی شب پاکستان پر قیامت برسی تھی۔
پاکستان کبھی آپریشن سندور سوچے گا تو اسے اپنی شرمناک شکست یاد آئے گی۔ پاکستان نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ہندوستان ان کے یہاں اندر جا کر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرے گا۔ دہشت گردوں کی عمارتیں کھنڈر بن گئی ہیں۔ پاکستان بوکھلا گیا ہے۔ اس نے یہ غصہ جموں، پونچھ سمیت کئی علاقوں میں گھر، مندر، گرودواروں پر شیلنگ کر کے نکالا۔‘