جلگاؤں 18 نومبر ( پریس ریلیز) ‘اُردو دنیا کی ایک اہم اور زندہ زبان ہے جس نے اپنے کردار،اہمیت و افادیت اور شیرینی سے عالمی سطح پر اہل نظر کو متوجہ کیا ہے۔اپنے وطن میں اگر اُردو کچھ مسائل سے دو چار ہے تو اسکی بقا کیلئے ہمیں شور نہیں بلکہ شعور سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔ ان زرین خیالات کا اظہار معروف صحافی و نامور ادیب ڈاکٹر مہتاب عالم (بھوپال) نے الفیض فاؤنڈیشن اور بزم اُردو ادب کے باہمی اشتراک سے منعقدہ چوتھے سالانہ ایوارڈ فنکشن میں کیا ۔کے ۔کے موتی والا ہال میں منعقدہ پر رونق تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر مہتاب عالم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محبان اردو کو فلسفہ اقبال، فکر آزاد کے ساتھ جدید تعلیم کے بانی سر سید احمد خان کے تعلیمی افکار و سائنسی نظریات سے عرق کشید کر کے اپنے تعلیمی مشن کی آبیاری کرنے کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر مہتاب عالم نے مزید کہا کہ اُردو کی بقاء و فروغ کے لیے جس طرح سے مہاراشٹر اور خاندیش کے علاقے میں کام کیا جارہا ہے یہ نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ قابلِ تقلید بھی ہے۔کیونکہ اُردو کے فنکاروں کی عوامی سطح پر حوصلہ افزائی،ایوارڈ تقریب کا انعقاد اور اردو کے فنکاروں کو اعزاز میں توصیفی سند،مومینٹو کے ساتھ نقد رقم دینا اہمیت کا حامل ہے ۔
پروگرام کی صدارت کے فرائض سفیر اُردو ڈاکٹر عبدالکریم سالار نے فرمائی ۔ڈاکٹر عبد الکریم سالار نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر ہم اُردو کی بقاء چاہتے ہیں تو ہمیں پتوں پر نہیں بلکہ اُردو کی جڑوں میں پانی ڈالنا ہوگا اور اس مقصد کی تکمیل میں اُردو اساتذہ کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع جلگاؤں کے بقید حیات ادیبوں اور شاعروں کی ایک ضخیم کتاب کی اشاعت کا کام جاری ہے،یہ ایک تحقیقی دستاویز ہوگا ۔اس موقع پر انہوں نے اپنی کتاب اُردو کے بے لوث سپاہی کا خصوصیت سے ذکر کرتے ہوئے اُردو کی بقاء کے لئے برادران وطن کے باہمی اشتراک سے کام کرنے پر زور دیا ۔
اس سے قبل مہمانان کا استقبال عبدالعزیز سالار، مشتاق سالار آصف پٹھان، زاہد سر اور زبیر خان نے کیا۔
اس پر وقار ایوارڈ تقریب میں سال 2025 کے لئے رئیس فیض پوری کو سیف بھساولی ایوارڈ برائے شاعری،قیوم اثر کو فاروق اعظمی ایوارڈ برائے افسانہ و شاعری ،راغب بیاولی کو مقیم اثر بیاولی ایوارڈ برائے شاعری اور صلاح الدین ادیب کو شمش اعجاز ایوارڈ برائے صحافت تفویض کیے گئے ۔یہ ایوارڈ یادگار،سپاس نامہ،شال اور مبلغ گیارہ ہزار روپے کیش زر پر مشتمل تھے ۔پہلے سیشن کی نظامت افتخار غلام رسول نے کی ۔ سپاس ناموں کے محرر صابر مصطفیٰ آبادی، ڈاکٹر شفیق ناظم، ڈاکٹر آفاق انجم اور محمد عاصم جلگانوی تھے۔ اخلاق نظامی اور ریحان کریمی نے بڑے ہی دلنشین انداز میں ان کی پیشکش کی ۔
اس موقع پر منتظمین نے تعلیمی انقلاب کے مستقل کالم نگار اسید اشہر اور عاطف عدنان کو جب اُبھرتی ہوئی صلاحیت ایوارڈ پیش کیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا،نئی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی و پزیرائی کو شرکاء نے پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا ۔ تقریب کی خصوصیت یہ بھی رہی کہ جن صاحبان کی مادری زبان اُردو نہیں ہے لیکن وہ اس شیریں زبان کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں انہیں بھی اعزازات تفویض کیے گئے ۔جن میں عاشق اُردو ڈاکٹر مہندر کمار پگارے ،ڈاکٹر مول چند اداسی اور اُردو زبان سے پوسٹ گریجویشن کرنے والے سنیل کمار ہسوانی کو محبان اردو اعزاز سے نوازا گیا ۔پروگرام کا سب سے اہم پہلو یہ رہا کہ ممتاز محقق و ادیب،نامور صحافی ڈاکٹر مہتاب عالم کو ان کی ادبی و صحافتی خدمات کے اعتراف میں انہیں نشان فیض ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔اسی طرح سے اردو کارواں مہاراشٹر کے صدر فرید احمد خان اور معروف ناظم ہارون عثمانی کو بھی انکے گرانقدر کاموں کے لیے انہیں نشان الفیض اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
پر وقار پروگرام میں بطور مہمان خصوصی عبدالمجید زکریا،اعجاز ملک ،مفتی محمد ہارون ندوی،ایڈوکیٹ عقیل اسماعیل،ظفر شیخ، ڈاکٹر غیاث عثمانی نے خصوصی شرکت کر کے پروگرام کے وقار میں اضافہ کیا۔ پروگرام کے دوسرے سیشن کی نظامت پرنسپل وقار شیخ نے کی۔
مفتی محمد ہارون ندوی نے اپنے خطاب میں فروغ اُردو کے لیے مخلصانہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔صحافی مشتاق کریمی نے اپنی پر مغزز تقریر میں کہا کہ ہمیں متروک اُردو الفاظ کی بازیافت کے ساتھ تلفظ کی صحیح ادائیگی پر سنجیدگی سے عمل کرنا ہوگا ۔اگر ہم اُردو کی حقیقی ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں زمینی سطح پر عملی اقدامات کرنا ہونگے تبھی اُردو کا فروغ ممکن ہے ۔صرف پروگرام کے انعقاد سے اُردو کی بقاء ممکن نہیں ہے۔اس موقع پر ایوارڈ یافتگان نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔اُردو کارواں ممبئی کے صدر فرید احمد خان نے کہا کہ غیر اردو داں حضرات کو فروغ اردو کے لیے اعزازات تفویض کرنا اردو کی گنگا جمنی تہذیب کا ثبوت ہے ۔تقریب ایسی ہی ہو جس سے اردو کا دامن بھرے اور تاثر دیر تک قائم رہے۔پروگرام کے تیسرے سیشن کی نظامت صابر مصطفی آبادی نے کی ۔اس تقریب میں ضلع بھر سے ادباء، شعرا اور صحافیوں نے شرکت فرمائی اور پروگرام کے انعقاد کو وقت کی ضرورت سے تعبیر کیا ۔