نئی دہلی 3اکتوبر: عام آدمی پارٹی کی قومی ترجمان، اترپردیش کے سابق وزیر اور متھرا کے مانٹ حلقہ اسمبلی سے 8 بار رکن اسمبلی رہے شیام سندر شرما اور سینئر صحافی رجت ٹنڈن نے کانگریس کا ہاتھ تھام لیا ہے۔ تینوں لیڈران کی شمولیت کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پارٹی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’کانگریس پارٹی کی نظریاتی فکر سے متاثر ہو کر آج عام آدمی پارٹی کی رہنما پرینکا ککڑ کانگریس میں شامل ہوئی ہیں۔ ان کے ساتھ رجت راکیش ٹنڈن اور سابق رکن اسمبلی شیام سندر شرما بھی کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے۔ آپ سب کو مبارکباد اور مستقبل کے لیے دلی نیک خواہشات۔‘‘ اس موقع پر دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو، راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا، راجیو شکلا اور نصیر حسین مجود رہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجیہ سبھا رکن نصیر حسین نے کہا کہ ’’آج 3 اہم شخصیات کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔ پرینکا ککڑ جو عام آدمی پارٹی کی سابق چیف قومی ترجمان اور سپریم کورٹ کی سینئر وکیل ہیں۔ شیام سندر شرما، اتر پردیش سے سابق رکن اسمبلی ہیں۔ رجت راکیش ٹنڈن، مجاہد آزادی پرشوتم داس ٹنڈن کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں 20 سال سے زیادہ صحافت کا تجربہ ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’آج لداخ سے کنیا کماری تک لوگ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔
ہم کھلے دل سے سب کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘‘









