نئی دہلی 9اکتوبر: سپریم کورٹ میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) معاملہ پر جمعرات (9 اکتوبر) کو سماعت ہوئی۔ جسٹس سوریہ کانت کی صدارت والی 2 رکنی بنچ نے معاملہ کی سماعت کی۔ تمام فریق کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے کہا کہ ان کارروائیوں کے نتائج کے باوجود ایک چیلنج یہ ہے کہ حتمی لسٹ سے باہر رکھے گئے تقریباً 3.66 لالکھ لوگوں کو اپیل کرنے کے حق کو یقینی بنایا جائے۔ عرضی گزاروں نے اس کی مخالفت کی ہے، لیکن اپیل دائر کرنے کا وقت کم ہو رہا ہے، اس لیے ہم اسے مناسب تصور کرتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ایک عبوری اقدام کے طور پر بہار اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین سے گزارش کی جائے کہ وہ آج ہی ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے تمام سکریٹریوں کو پیرا لیگل رضاکاروں اور مفت قانونی معاونت کے مشیروں کی خدمات فراہم کرنے کے لیے خط بھیجیں۔ تاکہ لسٹ سے باہر رکھے گئے لوگوں کو قانونی اپیلیں دائر کرنے میں مدد مل سکے۔ سکریٹری فوری طور پر ہرایک گاؤں میں پیرا لیگل رضاکاروں کے موبائل نمبر اور مکمل تفصیلات دوبارہ مطلع کریں، جو بی ایل او سے رابطہ کریں گے۔ وہ حتمی لسٹ سے باہر رکھے گئے لوگوں کے متعلق معلومات اکٹھی کریں گے۔ پی ایل وی ان افراد تک پہنچیں گے اور انہیں اپیل کے حق کے بارے میں مطلع کریں گے۔ وہ اپیل کا مسودہ تیار کرنے اور مفت قانونی تعاون سے متعلق مشاورت کی خدمات فراہم کریں گے۔ ایس ایل ایس اے معلومات جمع کریں گے اور ایک ہفتہ میں عدالت کو اسٹیٹس رپورٹ پیش کرے گا۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے سینئر وکیل راکیش دویدی نے دلیلیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اے ڈی آر سمیت دیگر عرضی گزاروں سے حلف نامے میں کیے گئے ووٹ کاٹے جانے سے متعلق الزام مکمل طور سے غلط ہے۔ غلط کہانی بنائی جا رہی ہے۔
الیکشن کمیش نے کہا کہ جس خاتون کا نام کاٹنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، اس کا ڈرافٹ لسٹ اور حتمی لسٹ میں بھی نام ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایک نام کی پرچی بیچی جا رہی ہے کہ یہ نام کاٹا گیا ہے، جبکہ ان کی جانب سے کوئی درخواست نہیں دی گئی ہے۔ دویدی نے کہا کہ ایک دلیل یہ تھی کہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں بڑی تعداد میں لوگوں کے نام تھے، لیکن اچانک ان کے نام لسٹ سے غائب ہو گئے۔ مجھے اب تک 3 حلف نامے ملے ہیں، ہم نے اس کی جانچ کی ہے، یہ حلف نامہ مکمل طور سے جھوٹا ہے۔ براہ کرم پیرا 1 دیکھیں کہ انہوں نے کہا ہے کہ میں بہار کا شہری ہوں اور ڈرافٹ لسٹ میں تھا۔ وہ نہیں تھے۔ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے فارم جمع نہیں کیا تھا، یہ جھوٹ ہے۔ پھر انہوں نے ووٹر آئی ڈی نمبر دیا، اس میں مذکور پولنگ اسٹیشن 52 ہے، لیکن اصل نمبر 653 ہے۔