نئی دہلی 18اگست: بی جے پی نے مہاراشٹر کے گورنر اور سینئر رہنما سی پی رادھا کرشنن کو این ڈی اے کی طرف سے نائب صدرجمہوریہ عہدے کا امیدوار اعلان کیا ہے۔ اب اس سلسلے میں حمایت حاصل کرنے کی قواعد شروع ہو گئی ہے۔ اس درمیان جنتادل یو نے بی جے پی کے نائب صدرجمہوریہ امیدوار کو اپنی حمایت دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اس سلسلے میں کہا- ’’مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو این ڈی اے کے نائب صدر جمہوریہ عہدے کا امیدوار بنائے جانے کے فیصلے کا استقبال کرتے ہیں۔ جے ڈی یو اس کی حمایت کرے گا۔ انہیں نیک خواہشات۔‘‘ وہیں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، نوین پٹنائک سمیت اپوزیشن کے کئی رہنماؤں سے فون پر بات کرکے نائب صدر جمہوریہ عہدہ کے این ڈی اے امیدوار رادھا کرشنن کے لیے حمایت مانگی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے اس معاملے میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے بھی بات چیت کی اورحمایت طلب کی۔ ادھر اپوزیشن اتحاد ’انڈیا بلاک‘ نے ابھی تک اپنے امیدوار کا نام طے نہیں کیا ہے۔ اس معاملے پر پیر کو اپوزیشن رہنماؤں کی میٹنگ ہونے والی ہے۔ میٹنگ کے بعد ہی کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کا رخ واضح ہو سکے گا۔ کانگریس رہنما گورو گوئی نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو نائب صدرجمہوریہ عہدہ کا امیدوار بنائے جانے پر کہا ہے کہ انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کے درمیان اس معاملے پر کچھ دور کی چرچا ہو چکی ہے۔ مجھے امید ہے کہ اتفاق رائے بنے گی۔ بہت جلد اس کا فیصلہ عوامی کیا جائے گا۔