نئی دہلی23اگست: محکمہ ڈاک نے عارضی طور پر امریکہ کے لیے ڈاک خدمات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ قدم امریکی حکومت کے حال ہی میں جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر نمبر 14324 کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے۔ آرڈر کے تحت 29 اگست 2025 سے 800 ڈالر تک کی اشیاء پر ڈیوٹی فری استثنیٰ ختم کر دیا گیا ہے۔ اب امریکہ بھیجی جانے والی ہر چیز پر کسٹم ڈیوٹی لگائی جائے گی۔ تاہم، گفٹ آئٹمز اور 100 ڈالر تک کے خطوط/دستاویزات پہلے کی طرح قبول کیے جائیں گے۔ یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی) نے کچھ رہنما خطوط جاری کیے ہیں، لیکن ڈیوٹی وصولی اور دیگر تکنیکی عمل کے حوالے سے صورتحال ابھی واضح نہیں ہے۔ اسی وجہ سے ایئر لائنز نے 25 اگست 2025 سے امریکہ کو پارسل اور دیگر سامان بھیجنے سے منع کر دیا ہے۔ اگر گاہک پہلے ہی امریکہ کے لیے سامان بک کر چکے ہیں، تو وہ ڈاک کی واپسی حاصل کر سکتے ہیں۔ محکمہ ڈاک نے کہا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جلد ہی خدمات کو بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔