نئی دہلی 19مئی: فلم اداکارہ اور حال ہی میں سلمان خان کے ریلٹی شو ’بگ باس‘ میں نظر آئیں شلپا شروڈکر کورونا وائرس کی زد میں آ گئی ہیں۔ انھوں نے یہ جانکاری اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے دی ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے شلپا نے اپنے انسٹاگرام پر کوئی پوسٹ نہیں کیا تھا، اور اب انھوں نے اپنی خاموشی کی وجہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ کورونا پازیٹو پائی گئی ہیں۔ شلپا شروڈکر نے خود کے کورونا پازیٹو ہونے کی جانکاری دیتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہیلو، میں کورونا وائرس سے متاثر ہو گئی ہوں۔ اپنا خیال رکھیں اور ماسک ضرور پہنیں۔‘‘ اس تعلق سے ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ نے اداکارہ سے بات بھی کی، جس میں انھوں نے اپنی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ہاں، مجھے کورونا ہوا ہے۔ مجھے کافی تیز بخار ہے جو کافی خراب ہے، لیکن میں ابھی آرام کر رہی ہوں۔‘‘ شلپا شروڈکر نے جیسے ہی کورونا متاثر ہونے کی جانکاری سوشل میڈیا پر دی، ان کے قریبی دوستوں اور خیر خواہوں نے ان کے لیے دعائیں کرنا شروع کر دیں۔ مشہور اداکارہ سوناکشی سنہا نے شلپا کے پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اوہ گاڈ، اپنا خیال رکھو شلپا۔ جلد ٹھیک ہو جاؤ۔‘‘ جوہی ببر سونی نے بھی اس پوسٹ پر تبصرہ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’خیال رکھو میری پیاری۔‘‘