دبئی، 15 مئی (یو این آئی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 2023-25 ایڈیشن کی فاتح ٹیم کو 36 لاکھ ڈالر اور رنر اپ کو 21.6 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان لارڈز میں ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 2023-25 کے لیے کل انعامی رقم بڑھا کر 57.6 لاکھ ڈالر کر دی ہے۔ جو پچھلے دو ورژنز کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔ چیمپئن کو 36 لاکھ امریکی ڈالر ملیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر جے شاہ نے کہا، ’’ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا تیسرا راؤنڈ انتہائی دلچسپ رہا اور فائنل میں کھیلنے والی ٹیموں کا فیصلہ مقابلے کے اختتام پر ہی ہوا ۔‘‘انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان لارڈز میں ہونے والے میچ کے ساتھ ساتھ پوری دنیا سے آنے والے شائقین کو بھی اس باوقار فارمیٹ میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گا۔ مسٹر شاہ نے کہا، آئی سی سی کی جانب سے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پر وقار میچ کی تیاریوں میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باوما نے کہا کہ ہم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ کر بہت خوش ہیں، یہ ہمارے لیے آئی سی سی خطاب جیتنے کا بہترین موقع ہے، ہم سب آسٹریلیا کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دفاع کرنے کا موقع ملنے پر بہت فخر ہے، ہم نے فائنل تک پہنچنے کے لیے ناقابل یقین حد تک محنت کی اور یہ ہم سب کے لیے بہت بڑا اعزاز ہے۔