بھوپال 12ستمبر:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاست کی تمام بہنوں کی زندگیوں میں ایک نئی مسکراہٹ لانا حکومت کا عزم ہے۔ بہنوں کی حوشحالی ہی ہمارا مشن ہے۔ ریاستی حکومت دیوی اہلیابائی خواتین استحکام کاری مشن، لاڈلی بہنا یوجنا اور دیگر اسکیموں کے ذریعہ بہنوں کو خود کفیل بنانے کے لیے قدم بہ قدم آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں ایک حساس حکومت ہے۔ ہماری پالیسی اور نیت دونوں صاف ہیں۔ ریاست کی بہنوں کو ہر ماہ مراعات دے کر مالی طور پر خود کفیل بنایا جا رہا ہے، ہماری خوشی بہنوں کی خوشی میں مضمر ہے۔ بہنوں کی زندگیوں میں ترقی سے ہی پورے معاشرے کی ترقی ممکن ہے۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعہ کو جھابوا ضلع کے پیٹلاود میں منعقد ریاستی سطح کے لاڈلی بہنا سمیلن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح خواتین کی عزت، تحفظ اور بااختیار بنانا ہے۔ حکومت کی تمام اسکیموں کے فائدے بہنوں تک شفاف اور موثر طریقے سے پہنچائے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ 17 ستمبر کو وزیر اعظم مسٹرنریندر مودی ریاست کو پی ایم مترا پارک کی سوغات دینے کے لیے دھار ضلع کی بدناور تحصیل کے بھینسولا گاؤں آ رہے ہیں۔ پی ایم مترا پارک سے مالوانچل سمیت پوری ریاست کی تصویر بدلے گی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کانفرنس میں ریاست کی 1.26 کروڑ لاڈلی بہنوں کے کھاتوں میں 28ویں قسط کی 1541 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم منتقل کی۔ وزیر اعلیٰ نے 53.48 لاکھ روپے سوشل سیکورٹی پنشن مستفیدین کو بھی320.89کروڑروپے اور31لاکھ سے زیادہ بہنوں کو ایل پی جی سلنڈر ریفلنگ کے 48 کروڑ روپے منتقل کئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے جھابوا ضلع کے پیٹلاود میں 345.34 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا بھومی پوجن اور افتتاح کیا۔ پروگرام میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے قبائلی آیورویدک روایت اور طبی علم پر مرکوزکتاب “جھابوا کے سنجیوک” کتاب کا اجراء بھی کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے بی پی ایل خاندانوںکے 11 دیویانگ( معذور افراد) استفادہ کنندگان کو کسٹمائزڈ پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلیں تقسیم کیں۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ پیٹلاود جھابوا کا روشن علاقہ ہے۔ جھابوا اپنی قدرتی خوبصورتی کے لیے مشہور ہے جو کاشتکاری اور سبزیوں کی پیداوار میں ایک نئی عبارت رقم کر رہاہے۔ یہاں سے ٹماٹر پورے ملک میں پہنچتے ہیں۔ آج ایک بار پھر لاڈلی بہنوں کو سنگل کلک سے 1250 روپے کی سوغات ملی ہے۔ یہ رکشا بندھن کی خوشی کی طرح ہے۔
اسکیم کے آغاز سے اب تک لاڈلی بہنوں کو 41 ہزار کروڑ روپے کی رقم دی جا چکی ہے۔ بہنوں کے لیے حکومت کا خزانہ بھرا ہوا ہے۔ دیوالی کے بھائی دوج کے بعد ہر ماہ 1500 روپے دیے جائیں گے۔ ہماری حکومت اپنا وعدہ پورا کرے گی۔ آہستہ آہستہ لاڈلی بہنا یوجنا کی رقم بڑھا کر 3 ہزار روپے ماہانہ کر دی جائے گی۔









