اوقات بتانے والے کلکٹر کو سی ایم نے ہٹایا

0
15

بھوپال 3 جنوری۔ شاجاپور ضلع ہیڈکوارٹر سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے، جس میں بتایا جا رہا ہے کہ کلکٹر کشور کمار کانیال ڈرائیوروں کی تنظیم سے ملاقات کر رہے تھے۔ پھر غصے میں آکر ایک ڈرائیور کو ڈانٹتے ہوئے کہنے لگے کہ تمہاری اوقات کیا ہے؟ اس بیان کے بعد سی ایم موہن یادو نے سختی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں ہٹا دیا۔
مدھیہ پردیش کے شاجاپور ضلع میں ڈرائیور ایسوسی ایشن نے احتجاج شروع کیا۔ جس کے بعد کلکٹر کشور کانیال نے منگل کو ڈرائیوروں کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کیا۔ میٹنگ کے دوران کلکٹر نے کہا کہ کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے گا۔ یہی نہیں کلکٹر اس قدر ناراض ہوئے کہانہوں نے ایک ڈرائیور سے اس کی اوقات پوچھ ڈالی۔ اس پر ڈرائیور نے کہا کہ ہم صرف اپنی حیثیت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جس کی ویڈیو نے پوری ریاست میں زبردست ہنگامہ کھڑا کر دیا ۔ جس کے بعد کلکٹر کشور کمار کانیال نے رات 10:00 بجے میڈیا کو ایک ویڈیو جاری کیا ہے۔ اس ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ ان کا مقصد کسی کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔ حالانکہ صبح اس معاملے کو اپنے علم میں لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے خود کلکٹر کشور کانیال کو ہٹا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بحیثیت انسان ایسی زبان ہماری حکومت میں برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ خود ایک مزدور گھرانے کے بیٹے ہیں ایسی زبان بولنا مناسب نہیں۔ انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ افسران زبان اور رویے کا خیال رکھیں۔ اتنا ہی نہیں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ یہ حکومت غریبوں کی حکومت ہے۔ ہر ایک کے کام کا احترام ہونا چاہیے اور جذبات کا بھی احترام ہونا چاہیے۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہم غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہے ہیں۔