نئی دہلی، 17 جولائی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے موجودہ ججوں کے عدالتی فیصلوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست پر جمعرات کے روز سوال کیا کہ یہ کس قانون کے تحت کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے اس پر مشورہ دینے کے لیے رفیق عدالت مقرر کیا۔جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جائمالیہ باغچی کی ڈویژن بنچ نے عرضی کے جواز پر سوال اٹھاتے ہوئے عرضی گزار کے وکیل سے پوچھا کہ فیصلہ دینے پر ججوں کے خلاف کس قانون کے تحت مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔عدالت نے کہا کہ ہمیں بتائیں کہ آپ کے خلاف فیصلہ دینے پر ججوں کے خلاف کس قانون کے تحت مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ صرف اس لیے کہ غیر قانونی یا پیچیدہ پٹیشن دائر کی جا رہی ہے، آپ ججوں کے خلاف مقدمے کے اندراج کا مطالبہ نہیں کر سکتے ہیں۔درخواست گزار کے وکیل نے دلیل دی کہ ان کے موکل نے امتحان میں ٹاپ کیا تھا، لیکن مختلف ہائی کورٹوں کے ججوں نے اسے ریلیف دینے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد انہوں نے ان کے خلاف فوجداری کارروائی کی درخواست کی۔ درخواست میں موجودہ ججوں کو مدعا علیہ اور مبینہ عدالتی تعصب کا مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔عدالت عظمیٰ نے اس معاملے میں معاونت کے لیے سینئر وکیل ڈاکٹر ایس مرلی دھر کو رفیق عدالت مقرر کیا ہے۔ عدالت نے ہدایت دی کہ “ہم ڈاکٹر مرلی دھر کو رفیق عدالت کے طور پر مقرر کرتے ہیں۔ درخواست سے متعلق دستاویزات انہیں دستیاب کرائے جائیں۔”عدالت اب کوئی بھی حکم دینے سے پہلے رفیق عدالت ایڈوکیٹ مرلی دھر کی مدد حاصل کرے گی۔









