بھوپال:26؍اکتوبر:گورنر مسٹر منگوبھائی پٹیل نے کہا کہ یہ نمائش بھارت کے دیہات کی فنکارانہ صلاحیت، سخت محنت اور خود کفیل بھارت کی جانب بڑھتے قدموں کی ایک بہترین مثال ہے۔ اس طرح کی تقریبات مختلف ریاستوں کے فنون، ثقافت، کھان پان، روایات اور ان کے تنوع میں پوشیدہ بھارت کے اتحاد کا تعارف کراتی ہیں۔ یہ ’’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘‘ کے جذبے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعات کے میلے ہنرمند کاریگروں، خصوصاً دیہی خواتین کو خود کفالت اور خود اعتمادی فراہم کرتے ہیں۔ خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششوں کو نئی بلندیوں تک پہنچاتے ہیں۔ گورنر مسٹر پٹیل نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ اس مہوتسو میں ضرور آئیں، مصنوعات دیکھیں اور بھارت کے عظیم فنون و ثقافت سے واقفیت حاصل کریں۔ مصنوعات خرید کر ہنرمند کاریگروں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کریں۔گورنر مسٹر پٹیل پیر کو نابارڈ اور اوجسوینی کے مشترکہ طور پر منعقدہ قومی نمائش و فروخت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے فیتہ کاٹ کر نمائش و فروخت مہوتسو کا افتتاح کیا۔ یہ مہوتسو 26 اکتوبر سے 2 نومبر تک بٹن مارکیٹ کے دسہرہ میدان میں منعقد کیا گیا ہے۔
گورنر مسٹر پٹیل نے کہا کہ نابارڈ ہنرمندی کے فروغ، روزی روٹی کے وسائل اور صنعت کاری کو بڑھاوا دے کر دیہی نوجوانوں اور خواتین کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔ یہ خود امدادی گروپوں کی خواتین کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کی کوششوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے ہنرمند اور ضرورت مند کاریگروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششوں کے لیے نابارڈ، مدھیہ پردیش گرامین بینک، اوجسوینی فاؤنڈیشن اور معاون اداروں کی ستائش کی۔ گورنر مسٹر پٹیل نے بھوپال میں بھارت کے ثقافتی تنوع، دیہی ہنرمندی اور معاشی خود کفالت کی خوبصورت مثال پیش کرنے کے لیے سبھی کو مبارک باد دی۔گورنر مسٹر پٹیل نے کہا کہ قومی سطح کے ان خصوصی مہوتسوؤں کو خصوصی حوصلہ افزائی اور سرگرم تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ تہواروں کے دوران اس طرح کی تقریبات مقامی دستکاری اور فنکاروں کی اچھی حوصلہ افزائی کر سکتی ہیں۔
تمام منتظمین اور معاون ادارے اپنی اپنی سطح پر میلے کی وسیع پیمانے پر تشہیر کریں۔ اختراعی طریقوں کے ذریعے مصنوعات کی معلومات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں۔
گورنر مسٹر پٹیل نے چراغ روشن کرکے قومی نمائش و فروخت مہوتسو کا افتتاح کیا۔ گلدستہ، شال، شری پھل اور یادگاری نشان پیش کرکے ان کا خیرمقدم اور اعزاز کیا گیا۔ انہوں نے مدھیہ پردیش اور ملک بھر کی مختلف دستکاری مصنوعات کا مشاہدہ بھی کیا۔ دستکاروں سے خوشگوار ماحول میں بات چیت کی اور ان کی مصنوعات کی ستائش کی۔
پروگرام میں استقبالیہ خطاب جنرل منیجر مسٹر ایس سی ساہو نے کیا۔ انہوں نے میلے میں شامل مدھیہ پردیش اور ملک بھر کے تمام اسٹالوں اور مصنوعات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ اوجسوینی سمدرشنی نیاس کی صدر ڈاکٹر سدھا ملیا نے مصنوعات کے میلے کے مسلسل انعقاد اور خصوصی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ مدھیہ پردیش گرامین بینک کے چیئرمین مسٹر آر سی بیہرا نے دیہی کاریگروں، مصنوعات، خود امدادی گروپوں اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق اسکیموں میں گرامین بینک کے مالی حوصلہ افزائی کے پروگراموں پر روشنی ڈالی۔ مدھیہ پردیش نابارڈ کی سربراہ مسز سی سرسوتی نے دستکاروں کو سماجی، معاشی اور ذہنی طور پر بااختیار بنانے میں نابارڈ کے خصوصی کردار، مقاصد اور کوششوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ مسز مدھوریما نے اظہارِ تشکر کیا۔ افتتاحی پروگرام میں خود امدادی گروپوں، ایف پی اوز، مدھیہ پردیش اور ملک بھر کے دستکار موجود تھے۔









