نئی دہلی، 17 جولائی (یو این آئی) ہندوستان کے سابق ہاکی کھلاڑی پی آر سریجیش کا ماننا ہے کہ ایف آئی ایچ پرو لیگ 2024-25 کے یورپی لیگ میں ہندوستانی ٹیم کی خراب کارکردگی اگست میں ہونے والے ایشیا کپ سے قبل ایک انتباہ ہے۔
گزشتہ شام 20ویں ویدانتا دہلی ہاف میراتھن کی افتتاحی تقریب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سریجیش نے کہاکہ “مجھے لگتا ہے کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہم نے بہت سے مواقع پیدا کیے، ہم نے میدان پر سخت مقابلہ کیا، لیکن کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ نتیجہ ہمارے خلاف جاتا ہے۔ یہ نتیجہ ہمارے لیے ایشیا کپ اور اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ جیسے دیگر اہم ٹورنامنٹس سے پہلے ایک انتباہ ہے۔‘‘ہندوستان ایف آئی ایچ پرو لیگ 2024-25 کے یورپی لیگ میں لگاتار سات شکستوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں آٹھویں نمبر پر ہے۔2025ایشیا کپ 27 اگست سے 7 ستمبر تک راجگیر میں منعقد ہوگا۔ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی بیلجیئم اور ہالینڈ مشترکہ طور پر 14 سے 30 اگست تک کریں گے۔ ایشین گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر 2026 تک منعقد ہوں گے۔سریجیش نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ زیادہ سے زیادہ لوگ صحت مند رہنے کے لیے دوڑنا شروع کر رہے ہیں۔ ہر سال زیادہ لوگ شامل ہو رہے ہیں اور دوڑنا (دہلی ہاف میراتھن میں) زیادہ مقبول ہو رہا ہے، یہ دلچسپ ہے، لوگوں کو خود کو چیلنج کرنا چاہیے .‘‘ہندوستان کی مردوں کی قومی انڈر 21 ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ بطور کوچ ان کا بنیادی کام اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کھلاڑی دباؤ سے نمٹنا سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘بطور کوچ میرا کام کھلاڑیوں پر دباؤ کم کرنا ہے، میں ان سے کہتا ہوں کہ جونیئر ورلڈ کپ کے دوران تقریباً 10 ہزار لوگ آپ پر خوشی کا اظہار کریں گے اور چیخیں ماریں گے، ان چیزوں کو قبول کریں، بطور کوچ اپنے کھیل کے تجربے کو کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کرنا بہت ضروری ہے۔









