بھوپال12جنوری۔اسلامی تقویم کے با برکت و حرمت والے مہینوں میں شمار ماہ رجب المرجب کی پہلی تاریخ کل 13جنوری 2024عیسوی بروز سنیچر ہوگی۔
شہر قاضی مولانا سید مشتاق علی صاحب ندوی نے بتایا کہ آج مورخہ 29 جمادی الاخر 12جنوری 2024عیسوی بروز جمعہ بعد مغرب موتی مسجد میں رویت ہلال کمیٹی برائے مساجد کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں رجب المرجب مطابق 1445ہجری کا چاند دیکھنے کی کوشش کی گئی ۔مطلع صاف تھا لیکن چاند نظر نہیں آیا۔البتہ گجرات، مہاراشٹر، راجستھان،رانچی وغیرہ سے شہادت موصول ہونے کی بنا پر رویت کا فیصلہ کیا گیا ۔۔لہذا طے پایا کہ یکم رجب المرجب 1445ہجری مطابق 13جنوری 2024بروز سنیچر ہوگی۔انشاء اللہ ۔ رویت ہلال کمیٹی کی میٹنگ میں قاضی سید مشتاق علی صاحب کے علاوہ اراکین حضرات مفتی ابو الکلام صاحب قاسمی،نائب قاضی مفتی سید بابر حسین صاحب ندوی۔نائب مفتی رئیس احمد خان صاحب قاسمی۔نائب قاضی محمد شرافت صاحب رحمانی۔ عبد الحفظ خاں صاحب اور مولوی محمد یعقوب صاحب جامعی موجود تھے۔
اسلامی سال کا ساتواں مہینہ ،، رجب المرجب،، ہے اس ماہ کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ ،،رجب،، ترجیب سے ماخوذ ہے اور ترجیب کے معنیٰ تعظیم کے ہیں- اہل عرب اس ماہِ مبارک کو الله رب العزت کا مہینہ کہتے تھے اور بڑی تعظیم کرتے تھے اس لیے اس ماہِ مبارک کو ،،رجب،، کے نام سے موسوم کیا گیا ہے- رجب کو اصم ( بہیرہ) بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس میں کسی فریادی کی آواز کو نہیں سنا جاتا تھا اور نہ ہی اس ماہِ مبارک میں ہتھیاروں کی کھٹکھٹاہٹ سنی جاتی تھی- اس ماہِ مبارک کی یکم تاریخ کو حضرت سیدنا نوح علیہ السلام کشتی پر سوار ہوئے اور اسی ماہ مبارک کی چوتھی تاریخ کو جنگ صفین کا واقعہ پیش آیا اور اسی ماہ مبارک کی ستائیسویں رات کو حضور اقدس صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم نے معراج شریف کی جس میں آسمانی سیر اور جنت و دوزخ کا ملاحظہ کرنا اور دیدار الٰہی سے مشرف ہونا تھا- اور اسی ماہ کی اٹھائیس تاریخ کو سید الکونین حضورِ اقدس صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا گیا- اس ماہِ مبارک کو ،،اصب،، بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس ماہِ مبارک میں الله رب العزت اپنے بندوں پر رحمت و مغفرت انڈیلتا ہے اس میں عبادتیں مقبول اور دعائیں مستجاب ہوتی ہیں- زمانہ جاہلیت میں جب مظلوم ظالم کے لیے بد دعا کرنا چاہتا تو ماہ رجب المرجب میں بد دعا کرتا جو مقبولِ بارگاہِ الٰہی ہوتی الغرض بہت سی احادیث اس ماہِ مبارک کی عظمت شان پر دلالت کرتی ہیں-
(عجائب المخلوقات/صفحہ/45)
ماہ رجب المرجب کی فضیلت :
ماہ رجب المرجب ان چار مہینوں میں سے ایک ہے جس کو قرآن مجید نے ذکر فرمایا: ،،منہا اربعتہ حرم ،، یعنی چار معظم مہینوں میں سے ایک معظم مہینہ رجب ہے اور کتب احادیث میں بھی ماہ رجب المرجب کی بڑی فضیلت وارد ہے چند احادیثِ مبارکہ ملاحظہ فرمائیں:
حضورِ اقدس صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: رجب الله تعالیٰ کا مہینہ ہے اور شعبان میرا اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے- ( رواہ ابو الفتح فی امالیہ/ماثبت من السنہ، صفحہ، 126)
حضور اقدس صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: بیشک رجب عظمت والا مہینہ ہے اس میں نیکیوں کا ثواب دگنا ہوتا ہے جو شخص رجب کا ایک دن روزہ رکھے تو گویا اس نے سال بھر کے روزے رکھے- (رواہ الرافعی/ماثبت من السنہ/صفحہ/126) اس ماہِ مبارک میں الله رب العزت نے حضرت محمد مصطفی صلی الله تعالیٰ علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا- (رواہ البیہقی فی شعب الایمان/ماثبت من السنہ/ صفحہ، 127)