نئی دہلی 4ستمبر: عام طور پر جب ہم ’یو پی آئی‘ سے پیسے بھیجتے ہیں تو 24 گھنٹوں میں ایک لاکھ روپے سے زیادہ نہیں بھیج پاتے، کیونکہ یہی حد مقرر ہے۔ لیکن اب (15 ستمبر 2025 سے) یہ حد کچھ خاص لین دین کے لیے کافی بڑھا دی گئی ہے۔ ’این سی پی آئی‘ نے اس تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس سے ٹیکس، انشورنس پریمیم، قرض ای ایم آئی اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری جیسے لین دین میں 10 لاکھ روپے تک کی ادائیگی 24 گھنٹے میں کی جا سکے گی۔ رواں سال ٹیکس ادا کرنے کی آخری تاریخ 15 ستمبر 2025 ہے۔ اس وجہ سے این سی پی آئی نے ٹیکس سے متعلق یو پی آئی لین دین کی حد بڑھا کر 5 لاکھ روپے فی ٹرانزیکشن اور 10 لاکھ روپے فی 24 گھنٹے کر دی ہے۔ اس کا فائدہ ان لوگوں کو ملے گا جو یو پی آئی کے ذریعہ بڑی رقم ادا کرنا چاہتے ہیں، لیکن اب تک کم حد کی وجہ سے نہیں کر پاتے تھے۔ واضح ہو کہ یہ تبدیلی صرف پی2ایم (پرسن ٹو مرچنٹ) ٹرانزیکشن پر نافذ ہوں گی، یعنی جب آپ کسی تصدیق شدہ مرچنٹ کو ادائیگی کرتے ہیں، جیسے انشورنس کمپنی، بروکریج فرم، ٹیکس پورٹل یا بینک وغیرہ۔ وہیں پی2پی (پرسن ٹو پرسن) ٹرانزیکشن کی حد اب بھی 1 لاکھ روپے یومیہ ہی رہے گی۔









