نئی دہلی15دسمبر: صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر میں تعلیمی سال 26-2025 کے لیے باضابطہ طور پر تعلیمی وظائف کا اعلان کیا۔ واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند اور ایم ایچ اے مدنی چیریٹیبل ٹرسٹ، دیوبند 2012 سے میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہونے والے غریب طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کر رہی ہے۔ اسی اسکیم کے تحت ہر سال انجینئرنگ، میڈیکل، ایجوکیشنل، جرنلزم سے متعلق یا کسی بھی ٹیکنیکل، پروفیشنل کورس میں زیر تعلیم مالی طور پر کمزور ایسے طلبہ کو اسکالرشپ دی جاتی ہے جنہوں نے گزشتہ سال کے امتحان میں کم از کم 75 فیصد نمبر حاصل کیے ہوں۔ رواں سال 26-2025 کے لیے اسکالرشپ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران مختلف کورسز میں منتخب ہونے والے 915 طلبہ کو اسکالرشپ دی گئی تھی، جن میں 46 ہندو طلبہ بھی شامل تھے۔ یہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ جمعیۃ علماء ہند مذہب کی بنیاد پر کوئی کام نہیں کرتی۔ اہم بات یہ ہے کہ طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اسکالرشپ کی رقم گزشتہ سال سے دو کروڑ کر دی گئی تھی۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ان وظائف کا اعلان کرتے ہوئے ہمیں انتہائی مسرت کا احساس ہو رہا ہے کہ ہماری اس ادنیٰ سی کوشش سے بہت سے ایسے ذہین اور محنتی بچوں کا مستقبل کسی حد تک سنور سکتا ہے جنہیں مالی پریشانیوں کی وجہ سے اپنے تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے میں سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ پورے ملک میں جس طرح کی مذہبی اور نظریاتی جنگ اب شروع ہوئی ہے، اس کا مقابلہ کسی ہتھیار یا ٹکنالوجی سے نہیں کیا جا سکتا بلکہ اس جنگ میں سرخروئی حاصل کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اعلیٰ تعلیم سے مزین کر کے اس لائق بنا دیں کہ وہ اپنے علم کے ہتھیار سے اس نظریاتی جنگ میں مخالفین کو شکست دے کر کامیابی اور کامرانی کی وہ منزلیں سر کر لیں جن تک ہماری رسائی سیاسی طور پر محدود اور مشکل تر بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر آج کی دنیا میں کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہمیں بچوں کو مذہبی اور اخلاقی تعلیم بھی دینی چاہیے تاکہ وہ آگے چل کر اپنی عملی زندگی میں ایک کامیاب انسان ہی نہیں بلکہ ایک اچھا انسان بھی بن سکیں۔ ہمیں ایسے اسکولوں اور کالجوں کی اشد ضرورت ہے جن میں دینی ماحول میں ہمارے بچے اعلیٰ دنیاوی تعلیم کسی رکاوٹ اور امتیاز کے بغیر حاصل کر سکیں۔
قتل کے الزام میں سب انسپکٹر سمیت تین گرفتار
آگرہ:15دسمبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع آگرہ کے ملپورہ علاقے میں غیرت کے نام پر قتل کے الزام میں ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر والد اور بھائی سمیت تین افراد کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

پیرکوپولیس نے معاملے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ فیروز آباد میں لڑکی گاؤں کے ہی رہنے والے انوراگ نامی نوجوان سے محبت کرتی تھی جسے گھر والے پسند نہیں کرتے تھے۔