رانچی، 8 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ہاکی اولمپک کوالیفائر رانچی 2024 میں 13 جنوری کو امریکہ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔رانچی میں مارنگ گومکے جے پال سنگھ آسٹروٹرف میں ٹریننگ کے بعد، تجربہ کار اٹیکنگ مڈفیلڈر نونیت کور نے کہا، رانچی میں جلد پہنچنے سے ہمیں اہم گراؤنڈ پر چند سیشنز کا فائدہ اٹھانے میں مدد ملی ہے اور ہمیں اس سے موسم کے مطابق ڈھالنے میں مدد ملی۔انہوں نے کہا، ’’ٹیم خواتین کی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے دوران اس مقام پر کھیل چکی ہے اور گراؤنڈ سے اچھی طرح واقف ہے۔ ہم ضلع کنتی بھی گئے اور ٹریننگ لی، یہ ہمارے کچھ ساتھیوں کا ہوم گراؤنڈ ہے اور جو بچے یہاں آئے تھے ان کے چہروں پر جوش و خروش دیکھنا ناقابل یقین تھا۔
ہندوستان پول بی میں نیوزی لینڈ، اٹلی اور امریکہ کے ساتھ ہے۔ ہر پول سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی اور ٹورنامنٹ کی ٹاپ تین ٹیمیں پیرس 2024 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ اپنے امکانات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، نونیت نے کہا، “ہم بہت پر امید ہیں۔ ہمارے گروپ کی ٹیمیں ہمارے لیے نئی نہیں ہیں۔ ہم پہلے بھی ان کے خلاف کھیل چکے ہیں۔ “سرکل میں ہم جو مواقع بناتے ہیں، انہیں گول میں تبدیل کرنا ہماری مہم کے لئے بہت اہم ہوگا اور ٹورنامنٹ کا اچھا آغاز ٹیم کو صحیح اعتماد فراہم کرے گا۔ہندوستانی خواتین ٹیم مسلسل تیسری بار اولمپک کوالیفکیشن کے لئے اترے گی۔ ٹوکیو اولمپک گیمز کے پچھلے ایڈیشن میں ہندوستان تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھے مقام پر رہاتھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مہم کو آگے بڑھانے کے لیے پرجوش اور بے تاب ہیں۔ ٹوکیو اولمپکس میں ہماری کارکردگی کے بعد توقعات بہت زیادہ ہیں اور ہم توقعات پر پورا اترنا چاہتے ہیں۔ ہم ایونٹ کے لیے اچھی طرح سے تیار ہیں اور اچھی کارکردگی کے لیے پراعتماد ہیں۔
اپنے افتتاحی میچ میں ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ 13 جنوری کو امریکہ سے ہوگا، اس کے بعد 14 جنوری کو نیوزی لینڈ اور 16 جنوری کو اٹلی سے مقابلہ ہوگا۔ سیمی فائنل 18 اور فائنل 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔دیگرٹیموں میں جرمنی، جاپان، چلی اور جمہوریہ چیک پول اے میں ہیں۔
ایلکس ڈی مینور یونائیٹڈ کپ کی کارکردگی کے بعد ٹاپ 10 میں
سڈنی، 08 جنوری (یو این آئی) یونائیٹڈ کپ میں تین ٹاپ کھلاڑیوں ٹیلر فرٹز، نوواک جوکووچ اور الیگزینڈر زویریو کو شکست دینے والے آسٹریلیا کے ایلکس ڈی مینور 12 ویں پوزیشن سے اوپر ٹاپ 10 میں پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے جرمنی کے خلاف سیمی فائنل میچ میں نمبر 7 رینک کے زیویریو کو 5-7، 6-3، 6-4 سے شکست دی تھی۔ڈی منور ساڑھے 17 سالوں میں ٹاپ 10 میں جگہ بنانے والے پہلے آسٹریلوی کھلاڑی ہیں۔ وہ اے ٹی پی رینکنگ کی تاریخ میں ٹاپ 10 میں پہنچنے والے 11ویں آسٹریلوی ہیں۔نوواک جوکووچ 11055 پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ دوسرے نمبر پر اسپین کے کارلوس الکاراز 8,855 پوائنٹس کے ساتھ، اس کے بعد روس کے ڈینیل میدویدیف 7,555 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، جینیک سینر 6490 پوائنٹس، آندرے روبلیو 5010 پوائنٹس، الیگزینڈر زیویریف 4275 پوائٹس، اسٹیفانوس تسیسیپاس 4025 پوائنٹس ہیں۔ پولینڈ کے ہیوبرٹ ہرکاز 3320 پوائنٹس کے ساتھ نو درجے اوپر آگئے ہیں اور ایلکس ڈی مینور 2950 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ ٹین میں آگئے ہیں۔