نئی دہلی 14جون: کیرالہ کے ساحل کے قریب سنگاپور کے تجارتی سمندری جہاز ایم وی وان ہائی 503 اچانک آگ کی زد میں آ گئی۔ ہندوستانی بحریہ نے ایئر آپریشن کے ذریعہ ریسکیو آپریشن کو انجام دیا۔ اس آپریشن کے دوران بحریہ نے آئی این ایس گروڈا کی مدد لی، سی کنگ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بچاؤ ٹیم کو براہ راست جلتے ہوئے جہاز پر اتارا گیا۔ ٹیم نے ٹگ بوٹ آف شور واریر سے جہاز کو جوڑنے کے لیے ٹوونگ کنکشن کامیابی کے ساتھ قائم کیا۔ اس کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر پائلٹ ٹیم کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ابھی بھی ہندوستانی بحریہ کا جہاز آئی این ایس شاردا اور ایم وی ٹرائٹن لبرٹی جہاز انڈین کوسٹ گارڈ اور دیگر سمندری ایجنسیوں کے ساتھ مل کر اس ریسکیو آپریشن کو انجام دے رہا ہے۔ تائیوان حکومت نے سنگاپور کے تجارتی جہاز ایم وی وان ہائی 503 سے عملے کے اراکین کو بچانے میں چلائی جانے والی مہم کے لیے ہندوستانی بحریہ اور انڈین کوسٹ گارڈ کا شکریہ ادا کیا۔ واضح ہو کہ کیرالہ کے ساحل کے قریب سمندری جہاز میں آگ لگ گئی تھی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں ہندوستان میں تائیوان کے نمائندہ دفتر نے کہا کہ ’’تائیوان حکومت ہندوستانی بحریہ اور انڈین کوسٹ گارڈ کی جانب سے ایم وی وان ہائی 503 کے لیے کیے گئے ریسکیو آپریشن کے لیے شکر گزار ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ لاپتہ عملہ کے اراکین بحفاظت لوٹ آئیں اور جو زخمی ہوئے ہیں وہ جلد ہی ٹھیک ہو جائیں۔‘