نئی دہلی 9مئی:حج 2024 کے لیے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ آج (9 مئی) سے شروع ہو گیا ہے۔ عازمین حج کو لے کر سعودی ایئرلائنز کی پہلی پرواز دہلی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 3 سے سعودی عرب کے لیے صبح 2.20 بجے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر ہوائی اڈے پر حج کمیٹی کے افسران و ممبران موجود تھے۔ عازمین حج کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ بھارت اسکاؤٹس اور گائیڈز کے دستے نے پھولوں کے ہار پہنائے اور گارڈ آف آنر کے بعد رخصت کیا۔ پہلے قافلے میں کل 285 عازمین حج کے لیے روانہ ہوئے۔ اس سال کل 1,75,025 عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جائیں گے جس میں حکومت ہند کی طرف سے 1,40,025 عازمین ہوں گے۔ ان کے علاوہ 35,000 عازمین پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج پر جائیں گے۔ واضح رہے کہ ہندوستان بھر میں کل 20 سفری مقامات سے عازمین حج روانہ ہوتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں دہلی سے جانے والے حاجیوں کی واپسی 22 جون سے شروع ہوگی۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں، ممبر محمد سعد، حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او لیاقت علی آفاقی، ڈپٹی سی ای او ناظم احمد، دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے عازمین حج کے اس پہلے قافلے کو روانہ کیا۔
فتح پور سیکری میں ماں کاماکھیا دیوی کا مندر ہونے کا دعوی
آگرہ:09مئی(یواین آئی) جامع مسجد کے بعد اب فتح پور سیکری میں ماں کاماکھیا دیوی کا مندر ہونے کا دعوی کیا گیا ہے۔ وکیل اجئے پرتاپ سنگھ نے آگرہ عدالت میں کیس فائل کیا ہے۔ اجئے پرتاپ نے ہی اس سے پہلے جامع مسجد کی سیڑیوں کے نیچے بھگوان کرشن کی مورتی دفن ہونے کے سلسلے میں بھی کیس فائل کیا ہے۔ ایڈوکیٹ اجے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ آگرہ کی سول کورٹ سینئر ڈویژن میں ایک نیا دعویٰ دائر کیا گیا ہے جس میں فتح پور سیکری میں واقع سلیم چشتی کی درگاہ کو کامکھیا ماتا کا مندر اور مسجد کو کامکھیا ماتا مندر کمپلیکس قرار دیا گیا ہے۔