بھوپال 27 جولائی:تعلیم انسان اور معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے تعلیم سے ہی عزت اور کامیابی ہے تعلیم یافتہ فرد زندگی میں کبھی مایوس اور ناکام نہیں ہوتا۔ سوسائٹی فار ایجوکیشن ویلفیئر اینڈ کلچر کے زیر اہتمام آج سیہور میں ایک با وقار جلسہ منعقد کیا گیا جلسے کی صدارت فرماتے ہوئے ریٹائرڈ جسٹس فہیم انور نے مندرجہ بالا خیالات کا اظہار کیا۔ یہ جلسہ سیہور میں بورڈ امتحانات میں ۸۰ فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے مسلم طلبا و طالبات کو اعزاز و انعام دینے کے مقصد سے منعقد کیا گیا۔ جس میں ۵ویں، ۸ویں، ۱۰ویں اور ۱۲ویں جماعت کے ۳۴ ہونہار طلبا و طالبات کو سرٹیفیکیٹ ٹرافی اور نقد انعامات دیے گئے۔ جلسہ کی مہمان خصوصی پروفیسر شمع نیازی تھیں، انھوں نے خاص طور پر بچوں کی ماؤں سے گزارش کی کہ وہ بچوں کی تعلیمی اور اخلاقی اصلاح اور ترقی پر خاص توجہ دیں۔ سوسائٹی کے صدر نظیر قریشی نے ضرورت مند اور ہونہار طلباء کی تعلیمی ضروریات کے لیے مدد کی بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی کے قیام کا مقصد مسلم سماج میں تعلیمی بیداری پیدا کرنا اور باصلاحیت بچوں کی تعلیم میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد کرنا ہے۔
سیہور کا یہ جلسہ سوسائٹی کے فعال ممبر عقیل قریشی کی کوششوں کا نتیجہ تھا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے خزانچی زبیر اختر معاون سیکرٹری رشدہ جمیل بھی موجود رہے۔ جلسے کے اخر میں سوسائٹی کے سیکرٹری مقصود رضا خان نے انعام یافتہ بچوں کو مبارکباد دی اور مزید محنت اور دلچسپی کے ساتھ تعلیم کی طرف توجہ دینے کی بات کہی اور سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ سوسائٹی آنے والی ۳ اگست کو بھوپال کے طلباء و طالبات کو اعزاز و انعامات دینےکے مقصد سے ایک جلسہ پالی ٹیکنیک آڈیٹوریم بھوپال میں منعقد کرنے جا رہی ہے۔