ممبئی، 25 مئی (یو این آئی) ایشیا کپ 2023 کے لئے ‘ہائبرڈ ایونٹ کی قیاس آرائیوں کے درمیان ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا کہ وہ اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)کے فائنل کے موقع پر اس ٹورنامنٹ پر حتمی فیصلہ کر سکتا ہے۔ جمعرات کو کرک بز کی طرف سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی پی ایل فائنل کے لیے سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی)، افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدور کو مدعو کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی تمام ایشین بورڈز کے اجلاس کے بعد ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے اعلان کر سکتا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے چیئرمین جے شاہ نے کہا، ’’بنگلہ دیش، افغانستان اور سری لنکا کرکٹ بورڈز کے متعلقہ صدور 28 مئی کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں آئی پی ایل 2023 کے فائنل میں شرکت کریں گے۔