دوحہ،8 دسمبر (یو این آئی )فیفا عرب کپ 2025 میں ایک بڑا اُلٹ پھیر ہوا ہے، جہاں ایشیائی چیمپئن اور ٹورنامنٹ کے فیورٹ میزبان قطر گروپ اسٹیج سے باہر ہو گیاہے۔ اس کے برعکس، جنگ سے متاثرہ ملک فلسطین نے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے پہلی بار کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔تونس نے ایشین چیمپئن قطر کو 3-0 سے شکست دی، جبکہ فلسطین نے شام کے ساتھ بغیر گول کے میچ برابری پر ختم کرکے پہلی بار عرب کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔الریان کے ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں شام کے خلاف فلسطین کا 0-0 سے ڈرا ہی کوارٹر فائنل تک رسائی کے لیے کافی ثابت ہوا۔ دوسری جانب میزبان اور فیورٹ سمجھی جانے والی قطر کی ٹیم ال خو حر کے البیت اسٹیڈیم میں تونس سے 3-0 کی عبرتناک شکست کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
گروپ اے کے آخری راؤنڈ میں داخل ہوتے وقت فلسطین اور شام پوائنٹس ٹیبل میں سبقت لے چکے تھے، جبکہ قطر کو اگلے مرحلے میں جانے کے لیے تونس کے خلاف بڑی جیت درکار تھی، جو اسے حاصل نہ ہوسکی۔
قطر کی دفاعی کمزوری میچ کے 16ویں منٹ میں ہی سامنے آگئی جب گول کیپر مشعل برشام کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے محمد علی بن رومضان نے قریب سے گیند جال میں پہنچا دی۔اگرچہ پہلے ہاف میں مزید گول ہونے سے قطر نے خود کو بچائے رکھا، لیکن اکرم عفیف کی قیادت میں حملہ آور لائن حد درجہ تھکی ہوئی نظر آئی اور 60 فی صد بال پزیشن کے باوجود خطرناک حملے بنانے میں ناکام رہی۔62ویں منٹ میں یاسین مریاح نے کارنر کی بدولت ہیڈر کے ذریعے تونس کی برتری 0-2 کردی۔ چند لمحوں بعد سیف الدین جازیری ریڈ کارڈ کے ذریعے میدان سے باہر بھیجے گئے، مگر ایک کھلاڑی کی کمی کے باوجود قطر مخالف کی کمزوریوں سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔اختتامی لمحات میں محمد بن علی نے تیسرا گول اسکور کرکے تونس کی جیت پر مہر ثبت کردی ،تاہم دوسری جانب فلسطین اور شام کے میچ کا نتیجہ آنے کے بعد تونس بھی قطر کے ساتھ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں فلسطین اور شام نے انتہائی دباؤ والے مقابلے کے بعد 0-0 سے میچ ختم کیا، جس کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
فلسطین نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں قطر کو میزبان کے ہی اپنےگول کے باعث شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ دوسرے میچ میں فدائی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے تونس کے خلاف 2-2 سے ڈرا کھیلا۔شام نے بھی اپنا پہلا میچ تونس کے خلاف 1-0 سے جیت کر مضبوط آغاز کیا تھا اور آخری گروپ میچ کے لیے دونوں ٹیموں کو صرف ایک پوائنٹ درکار تھا۔ریفری کے آخری سٹی کے ساتھ ہی دونوں جانب کے کھلاڑی جذبات سے مغلوب ہوگئے۔ فلسطینی کھلاڑیوں نے پرچم، کفیہ اور نعروں کے ساتھ جشن منایا، جبکہ شامی کھلاڑی بھی خوشی سے سرشار نظر آئے۔ غزہ سے تعلق رکھنے والے فلسطینی ڈیفینڈر محمد صالح نے فلسطین اور شام دونوں کے پرچم اٹھا کر جذباتی منظر پیش کیا۔
عرب کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ
یہ نتیجہ فٹبال دنیا کے لیے حیران کن ہے۔ جنگ زدہ فلسطین اور شام نہ صرف مالی وسائل سے محروم ہیں بلکہ عالمی درجہ بندی میں بھی کہیں پیچھے ہیں۔فلسطین فیفا رینکنگ میں 96ویں، شام 87ویں، جبکہ قطر 45ویں پوزیشن پر ہے۔تونس دنیا میں 40ویں نمبر پر موجود افریقہ کی چھٹی بہترین ٹیم ہے۔قطر 2026 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی چھ عرب ٹیموں میں شامل ہے، جبکہ نہ فلسطین اور نہ ہی شام نے کبھی فٹبال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔فلسطین اور شام دونوں کی ٹیمیں اب کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں، جہاں ان کی نظریں تاریخ رقم کرنے پر ہیں۔