پرتھ، 22 نومبر (یو این آئی) آسٹریلیا نے پہلا ایشیز ٹیسٹ صرف دو دن میں ہی انگلینڈ کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر جیت لیا۔ ٹریوس ہیڈ (122) کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے 205 رنز کا ہدف محض 28.2 اوور میں دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس جیت کے ساتھ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔انگلینڈ کو دوسری اننگز میں 164 رنز پر سمیٹنے کے بعد آسٹریلیا نے مقررہ ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ ٹریوس ہیڈ نے دو دن میں مسلسل گرتے ہوئے وکٹوں کے درمیان ذمہ دارانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے محض 83 گیندوں پر 16 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 122 رنز بنائے۔ مارنس لیبوشین نے 49 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 51 رنز بنا کر ہیڈ کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کے لیے 117 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ کپتان اسٹیو اسمتھ دو رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پہلے دن 19 وکٹ گرنے کے بعد دوسرے دن 13 وکٹ گرے، لیکن ٹریوس ہیڈ نے ثابت قدمی کے ساتھ اپنی 10ویں ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔ سنچری مکمل کرنے کے بعد ہیڈ نے دو اوور میں پانچ چوکے بھی لگائے۔ انہیں بریڈن کارس نے اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس سے قبل آسٹریلیا کا دیگر وکٹ جیک ویڈرالڈ کے طور پر گرا جو 34 گیندوں پر تین چوکوں کے ساتھ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اگرچہ ہیڈ اور ویڈرالڈ نے پہلے وکٹ کے لئے 11.3 اوور میں 75 رنز کا اضافہ کرکے آسٹریلیا کو مضبوط آغاز دیا۔اس سے پہلے انگلینڈ کی دوسری اننگز میں اسکاٹ بولینڈ نے 33 رنز دے کر چار وکٹ، مچل اسٹارک نے 55 رنز کے عوض تین اور برینڈن ڈوگیٹ نے 51 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ انگلینڈ کی جانب سے گس اٹکنسن اور اولی پوپ نے 33، بین ڈکیٹ نے 28، بریڈن کراس نے 20 اور جیمی اسمتھ نے 15 رنوں کا تعاون دیا۔اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز کل کے اسکور 123/9 سے آگے بڑھائی مگر پوری ٹیم 132 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 40 رنز کی برتری تو ملی، لیکن دوسری اننگز میں بلے بازوں کی ناقص کارکردگی نے اسے شکست سے دوچار کر دیا۔