بنگلورو/ میکسیکو سٹی،19 جنوری (یو این آئی ) ہندوستان کی نو عمر ٹینس کھلاڑی سریشٹی کرن نے میکسیکو کے شہر ہوا مانٹلا میں کھیلے گئے آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ٹور جونیئرز جے 30 ٹورنامنٹ میں گرلز سنگلز کاخطاب جیت کر عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔12 سے 18 جنوری تک جاری رہنے والی اس چیمپئن شپ کے فائنل میں، بنگلورو سے تعلق رکھنے والی 13 سالہ سریشٹی نے میکسیکو کی تجربہ کار کھلاڑی تمارا ہرمن کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی انہوں نے آئی ٹی ایف ٹائٹلز کی اپنی شاندار ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی ہے۔سریشٹی کی فائنل تک رسائی بھی کسی معجزے سے کم نہ تھی۔ سیمی فائنل میں میکسیکو کی ہی 16 سالہ میراںڈا صوفیہ کے خلاف ایک موقع پر وہ 2-4 سے پیچھے تھیں، لیکن پھر انہوں نے مسلسل 10 گیمز جیت کر سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے یہ میچ 6-4 اور 6-0 سے جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔محض 13 سال کی عمر میں بین الاقوامی سطح پر مسلسل تین خطابات جیتنا سریشٹی کی غیر معمولی مہارت اور ذہنی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ ہندوستانی ٹینس حلقوں میں انہیں مستقبل کی اسٹار قرار دیا جا رہا ہے۔









