سرسا، 5 اپریل (یو این آئی) اہم معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ہریانہ کے سرسا ضلع کی سی آئی اے ایلن آباد پولیس ٹیم نے کل رات ایک نوجوان کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ کولکتہ اور حیدرآباد کے درمیان کھیلے جانے والے T-20 آئی پی ایل میچ کے دوران آن لائن سٹہ لگا رہا تھا۔تفصیلی معلومات دیتے ہوئے سی آئی اے ایلن آباد پولیس ٹیم کے انچارج ڈپٹی انسپکٹر جگدیش چندر نے بتایا کہ سی آئی اے ایلن آباد کی پولیس ٹیم گشت اور چیکنگ کے دوران کسان چوک سرسا علاقہ میں موجود تھی۔ اسی دوران پولس پارٹی کو اہم اطلاع ملی کہ نتیش ولد شیام لال ساکن شیو مندر والی گلی بیگو روڈ سرسا جو شہر کے ہڈا سیکٹر 20 میں مکان نمبر 153 کرایہ پر لیکر آئی پی ایل ٹی 20 میچ کے دوران آن لائن بیٹنگ کا کام کرتا ہے۔سی آئی اے ایلن آباد کے انچارج نے بتایا کہ جب سی آئی اے ایلن آباد کی پولیس ٹیم نے مذکورہ گھر پر چھاپہ مارا تو ایک نوجوان اپنے لیپ ٹاپ پر زیڈ اکاؤنٹ پر سٹے بازی کا حساب کتاب کرتا ملا۔ کولکتہ اور حیدرآباد کے درمیان آئی پی ایل کا لائیو میچ لیپ ٹاپ پر چل رہا تھا۔ مذکورہ نوجوان کو پکڑ کر تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ، ایک لیپ ٹاپ چارجر اور ایک موبائل فون برآمد ہوا۔ گرفتار ملزم کی شناخت نتیش ولد شیام لال ساکن شیو مندر والی گلی، بیگو روڈ، سرسا کے طور پر کی گئی ہے۔ ایلن آباد سی آئی اے انچارج نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ سول لائنز میں جوا ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔