نئی دہلی 24اپریل: باراکوٹ بلاک کے تحت آنے والے اِجڑا، گلا گاؤں اور لڈی دھورا کے جنگلات گزشتہ 3 دنوں سے شدید آگ کی زد میں ہیں۔ اجڑا کے جنگل کی آگ پر فائر بریگیڈ کی ٹیم نے قابو پا لیا ہے، لیکن لڈی دھورا اور گلا گاؤں کے جنگلات جمعرات کو بھی سلگتے رہے۔ شدید آتشزدگی سے جنگلات کی دولت کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور پورے علاقے میں دھوئیں کا غبار چھایا ہوا ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب جنگلوں میں آگ لگنے کا اندیشہ زیادہ ہوتا ہے۔ گزشتہ دو ماہ تو پرسکون انداز میں گزرے، لیکن مذکورہ بالا اضلاع کے جنگل اپریل ماہ میں جل کر خاکستر ہو گئے۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں جنگل کی آگ کے معاملے میں اچانک سے تیزی آ گئی ہے۔ پنچایتی اور سول علاقوں میں واقع جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات زیادہ ہو رہے ہیں۔ گزشتہ 15 دنوں میں آگ لگنے کے 8 واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ آگ کی زد میں آنے والے تینوں جنگلات میں صنوبر کی درخت کی کثرت ہے جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ آگ کی لپٹیں گاؤں کی نزدیک تک پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے دیہی باشندوں میں ڈر و خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ لیکن ایک بڑے اور ناقابل رسائی علاقہ ہونے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں کافی مشکلیں پیش آ رہی ہیں۔ لڈی دھورا کے جنگل میں لگی آگ وہاں موجود ایک مندر کی طرف کافی تیزی سے بڑھ رہی ہے جس سے مندر کے آگ کی زد میں آنے کا خطرہ کافی بڑھ گیا ہے۔