بھوپال:17؍اگست:راجدھانی بھوپال کے نیوکباڑخانہ واقع مدرسہ تنویرالقرآن شاہین باغ کالونی میں 79 ویںیوم جشن آزادی کے موقع پرجوش وخروش کےساتھ پرچم کشائی کی گئی۔اس موقع پر مدرسہ کے طلباوطالبات نے شاعر مشرق ڈاکٹرعلامہ اقبال کامشہور ترانہ ہند سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا پیش کیا۔ اس کے علاوہ جدوجہد آزادی میں نمایاں کردار اداکرنےو الے علمائے کرام کی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ناظم مدرسہ مفتی محمدجاوید انور نے بھی اس موقع پر طلباسے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا کہ جس طرح پنجرہ میں کوئی پرندہ مقفل رہتاہے،اسی طرح انگریزوں نے ہمارے ملک ہندستان پر تقریباًڈھائی سو سال تک حکومت کی اورتمام ہندستانیوں کوقیدوبند کی زندگی گزارنے پرمجبورکردیاتھا۔اس سے چھٹکاراپانے کے لئے اکابر،علما اور گاندھی جی جیسے لوگوں نے کھڑے ہوکر ہندستان کوآزاد کرانے کافیصلہ کرلیا، پھر علمائے کرام اوردیگرمحب وطن بھائیوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر انگریزوں کو ہندستان چھوڑنے پرمجبورکردیا۔انگریزوں کی جانب سے ہندستان چھوڑ کرجانے کی تاریخ15اگست ہے، اسی دن کویاد کرکے ہم جشن آزادی مناتے ہیں جوہمارے لئے فخرکی بات ہے۔ اس کے بعد ملک میں امن اومان کی دعاکے ساتھ پروگرام کااختتام ہوا۔ آخرمیں بچوں اوردیگرشرکا کومٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ وہیں پروگرام میں مدرسہ کے اساتذہ حافظ محمداحمد، حافظ محمدابوذر،قاری اشرف ،مولوی محمدعرفان بیگ،کے علاوہ محلہ کے افراد کی بڑی تعداد موجود رہی۔