علاقے کا دورہ نہ کرنے والے انجینئروں کے خلاف کارروائی کریں: تومر
وزیر توانائی نے بجلی ٹرپنگ سے متعلق مسئلہ کا جائزہ لیا
بھوپال:31؍مئی:بجلی سپلائی کمپنی کے ایس ای، ای ای، اے ای اور ڈی ای مسلسل علاقے کا دورہ کریں اور بجلی سپلائی نظام کا جائزہ لیں۔ علاقے کا دورہ نہ کرنے والے انجینئروںکے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔وزیر توانائی مسٹر پردیومن سنگھ تومر نے یہ ہدایات ہفتہ کو بجلی سپلائی کمپنیوں کے ایم ڈی اور دیگر افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بجلی ٹرپنگ کا جائزہ لینے کے دوران دیں۔
مسٹر تومر نے کہا کہ ہر افسر کو بجلی صارفین کی کال ضرور سننی چاہیے۔ فون نہ اٹھانے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آندھی اور بارش کے دوران بجلی بند ہونے کی صورت میں فوری طور پر بجلی کی فراہمی شروع کرنے کے لیے کارروائی کی جائے۔ مسٹر تومر نے کہا کہ ضرورت کے مطابق ایف او سی ٹیم میں اضافہ کریں۔
ٹرانسفارمر لوڈ کا تعین کریں :وزیر مسٹرتومر نے کہا کہ بجلی سپلائی ٹرانسفارمروں میں زیادہ لوڈ کی وجہ سے نہ صرف وہ جل جاتے ہیں بلکہ بجلی بھی بند ہوجاتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ سروے کرایا جائے اور مناسب صلاحیت کے ٹرانسفارمرز لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کال سینٹر کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے تاکہ صارفین کو اپنے مسائل کے اندراج کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے۔بجلی سپلائی کمپنیوں کے ایم ڈی، مسٹر انئے دویدی، شتیج سنگھل اور انوپ سنگھ نے بجلی ٹرپنگ سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے کی جا رہی کارروائی کے بارے میں جانکاری دی۔