دبئی ،10ستمبر(یو این آئی )انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ آئندہ برس 7 فروری سے 8 مارچ تک کرانے کا امکان ہے۔ ٹی20 ورلڈ کے میچز کی میزبانی ہندوستان اور سری لنکا کریں گے، جس میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ایونٹ کے میچز میں ہندوستان میں کم از کم 5 اور سری لنکا میں 2 وینیوز پر ہوں گے۔
أآئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل احمد آباد یا کولمبو میں کھیلا جائے گا، جس کے وینیو کا انحصار پاکستان کے فائنل میں پہنچنے پر ہوگا۔ ویب سائٹ کے مطابق ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گی، آئی سی سی میگا ایونٹ کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔
آئی سی سی نے تاریخوں سے متعلق ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو آگاہ کردیا، ٹی 20 ورلڈ کپ کےلیے 15 ٹیمیں تصدیق کرچکی ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ہندوستان ، پاکستان ،سری لنکا، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلادیش، ساؤتھ افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، یو ایس اے، آئرلینڈ، کناڈا، نیدرلینڈ اور اٹلی شامل ہیں۔
آئی سی سی ایونٹ میں 2 ٹیمیں افریقہ ریجنل کوالیفائر اور 3 ٹیمیں ایشیا اینڈ ایسٹ ایشیا پیسفک کوالیفائر شامل ہوں گی، ایونٹ 2024ء کے فارمیٹ کے مطابق کھیلا جائے گا۔ ٹی20 ورلڈ کپ کی 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، 2 ٹاپ ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کےلیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر ایٹ مرحلے میں ایک بار پھر ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کریں گے اور فاتح ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔









